یوروپ

سب کچھ بتا دیا تو خاندان مجھے کبھی معاف نہیں کرے گا: شہزادہ ہیری

انھوں نے ڈیلی ٹیلی گراف کو بتایا ’’کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے بارے میں میں نہیں چاہتا کہ دنیا کو اس کے بارے میں معلوم ہو۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’میں اپنے خاندان کے افراد کی جانب سے میگھن سے معافی مانگنا ہوں۔‘‘

لندن: برطانوی شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ ’’اگر میں نے سب کچھ بتا دیا تو خاندان مجھے کبھی معاف نہیں کرے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں
والدہ کی موت کی خبر آئی تو سمجھا انہوں نے ڈرامہ رچا: شہزادہ ہیری

برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ’دو کتابوں‘ کا مواد موجود تھا، لیکن انھوں نے اپنی یادداشتوں میں کچھ چیزیں شامل نہیں کیں، کیوں کہ اگر وہ ایسا کرتے تو ان کے والد اور بھائی انھیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔

انھوں نے ڈیلی ٹیلی گراف کو بتایا ’’کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے بارے میں میں نہیں چاہتا کہ دنیا کو اس کے بارے میں معلوم ہو۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’میں اپنے خاندان کے افراد کی جانب سے میگھن سے معافی مانگنا ہوں۔‘‘

واضح رہے پرنس ہیری کی کتاب ’اسپیئر‘ اسی ہفتے شائع ہوئی ہے اور برطانیہ میں اب تک کی سب سے تیزی سے فروخت ہونے والی نان فکشن کتاب بن گئی ہے۔

شہزادہ ہیری نے اپنی اس کتاب سے بہت سارا نقصان دہ مواد نکالنے کا دعویٰ کیا ہے، انھوں نے انٹرویو میں کہا کہ ان کے پاس اس قدر مواد موجود ہے بالخصوص بھائی شہزادہ ولیم اور والد شاہ چارلس سے متعلق کہ وہ ایک اور کتاب لکھ سکتے ہیں۔

شہزادہ ہیری نے بتایا کہ ان کی کتاب ’اسپیئر‘ کا پہلا مسودہ 800 صفحات پر مشتمل تھا جو بہت سارا مواد نکال کر 400 صفحات رہ گیا۔ انھوں نے بتایا کہ شہزادہ ولیم اور ان کے درمیان کچھ ایسے واقعات پیش آئے اور کچھ حد تک والد کے ساتھ بھی لیکن وہ ان کے بارے میں دنیا کو نہیں بتانا چاہتے۔

کتاب میں شہزادہ ہیری نے والد شاہ چارلس سوئم کو ’جذباتی طور پر مفلوج‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن میں ’دھونس اور دباؤ‘ کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ تاہم انھوں نے شاہ چارلس کی تعریف بھی کی اور کہا کہ وہ پیار کرنے والے والد ہیں جنھیں شیو کے بعد چہرے پر فرانسیسی لوشن لگانا پسند ہے۔

واضح رہے کہ کینسنگٹن پیلس اور بکنگھم پیلس دونوں نے کہا ہے کہ وہ اس کتاب کے مندرجات پر تبصرہ نہیں کریں گے۔