شمالی بھارت

کسانوں کا ریل روکو احتجاج۔ کئی مقامات پر ٹرینوں کی آمدورفت درہم برہم (ویڈیوز)

پنجاب میں جمعرات کے روز کسانوں نے اپنے مختلف مطالبات کی تائید میں 2 گھنٹے طویل ریل روکو احتجاج کے ایک حصہ کے طورپر پٹریوں پر دھرنا دیا جس کے نتیجہ میں پوری ریاست میں ٹرینوں کی آمدو رفت درہم برہم ہوگئی۔

ہوشیار پور/ لدھیانہ (پی ٹی آئی) پنجاب میں جمعرات کے روز کسانوں نے اپنے مختلف مطالبات کی تائید میں 2 گھنٹے طویل ریل روکو احتجاج کے ایک حصہ کے طورپر پٹریوں پر دھرنا دیا جس کے نتیجہ میں پوری ریاست میں ٹرینوں کی آمدو رفت درہم برہم ہوگئی۔

کسانوں کا مطالبہ ہے کہ 2021کے لکھیم پور کھیری واقعہ میں انصاف کیا جائے۔ احتجاج 12:30 بجے دن شروع ہوا جس کا اہتمام سمیکت کسان مورچہ (غیرسیاسی) اور کسان مزدور مورچہ نے کیا تھا۔ یہ احتجاج لکھیم پور کھیری واقعہ کی تیسری برسی کے موقع پر کیا گیا جس میں 4 کسانوں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

احتجاجی کسانوں نے اپنی فصلوں پر اقل ترین امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت دینے‘ قرضوں کی معافی‘ سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری اور لکھیم پور واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ امرتسر میں کسانوں نے مناؤلا ریلوے اسٹیشن کے قریب امرتسر۔ دہلی ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا۔

عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں شہروں کے درمیان چلنے والی کئی ٹرینوں کا رخ موڑنا پڑا۔ کسان مزدور مورچہ(کے ایم ایم) کے کنوینر شرون سنگھ پنڈھیر نے لکھیم پور کھیری واقعہ میں انصاف کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ریاستی اور مرکزی حکومتوں پر الزام عائد کیا کہ وہ کسانوں کے دیرینہ مطالبات پر توجہ نہ دیتے ہوئے ان کے تئیں جانبدارانہ رویہ اختیار کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسان نیشکر کے بقایاجات کی فوری اجرائی اور ایم ایس پی کی گارنٹی دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ایس کے ایم اور کے ایم ایم کسانوں کے دہلی چلو مارچ کی قیادت کررہے ہیں تاکہ اپنے مختلف مطالبات قبول کرنے حکومت پردباؤ ڈال سکیں جن میں یہ مطالبہ بھی شامل ہے کہ مرکز کو ایم ایس پی کی قانونی ضمانت دینا ہوگا۔

احتجاجی کسان 13 فروری سے جب ان کے مارچ کو سیکوریٹی فورسس کی جانب سے روکا گیا تھا‘ پنجاب اور ہریانہ کے درمیان شمبھو اور کھنوری سرحدی پوائنٹس پر احتجاج کررہے ہیں۔ہوشیار پور میں بھارتیہ کسان یونین (دوآبہ) کے ورکرس اپنے ریاستی نائب صدر گرویندر سنگھ کی زیرقیادت منڈیالہ گاؤں ریل روڈ چوراہا پر دھرنا دیا۔

جالندھر سے ہوشیار پور جانے والی ایک ٹرین کو نسرالا ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ کسان مزدور ہٹکاری سبھا کے کئی ارکان نے اجناس مارکٹ سے ضلع جالندھر میں بھنگالا ریلوے اسٹیشن تک مارچ کیا جہاں انہوں نے جالندھر۔

جموں ریل سکشن پر دھرنا دیا۔ اس احتجاج کے نتیجہ میں پٹھان کوٹ جانے والی ایک ٹرین کو مکیرین ریلوے اسٹیشن پر روکنا پڑا۔ ضلع صدر پرمجیت سنگھ بھلّہ کی زیرقیادت کسان مزدور سنگھرش سمیتی کے ارکان نے تانڈہ ریلوے اسٹیشن پر ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا جبکہ گنا سنگھرش سمیتی کے ارکان نے داسویہ ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم پر دھرنا دیا۔

a3w
a3w