شمالی بھارت
ٹرینڈنگ

رام مندر تقریب میں شرکت کرنے والے ’’آر ایس ایس کے امام‘‘ ڈاکٹر عمر احمد الیاسی کیخلاف فتویٰ جاری

عمر احمد الیاسی نے بتایا کہ انہیں پران پرتیشٹھا کی تقریب میں شرکت کے لیے بہت سے لوگوں کی جانب سے مثبت ردعمل بھی ملا۔ تنقید کرنے والوں کو انہوں نے پیغام دیا کہ وہ پاکستان چلے جائیں۔

ایودھیا: ایودھیا کے رام مندر میں پران پرتیشٹھا کی تقریب میں شرکت کرنے پر آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام ڈاکٹر عمر احمد الیاسی کے خلاف فتویٰ جاری کر دیا گیا ہے۔

اے این آئی کے مطابق آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف امام ڈاکٹر عمر احمد الیاسی نے بتایا کہ 22 جنوری کو پران پرتیشتھا کی تقریب میں شرکت کے بعد انہیں دھمکی آمیز کالز اور پیغامات بھی موصول ہوئے جن میں استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ایک چیف امام کے طور پر مجھے شری رام جنم بھومی تیرتھ شیترا کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہوا تھا۔ میں نے دو دن تک غور کیا اور پھر ملک میں ہم آہنگی کے لیے ایودھیا جانے کا فیصلہ کیا۔ یہ فتویٰ اتوار کو جاری کیا گیا تھا لیکن مجھے 22 جنوری کی شام سے دھمکی آمیز کالیں موصول ہو رہی تھیں۔‘

عمر احمد الیاسی نے بتایا کہ انہیں پران پرتیشٹھا کی تقریب میں شرکت کے لیے بہت سے لوگوں کی جانب سے مثبت ردعمل بھی ملا۔ تنقید کرنے والوں کو انہوں نے پیغام دیا کہ وہ پاکستان چلے جائیں۔

آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ پران پرتیشتھا کی تقریب میں شرکت کے لیے کسی سے معافی نہیں مانگیں گے۔

عمر احمد الیاسی کے بقول انہوں نے جو کچھ بھی کیا وہ ملک اور انسانیت کے لیے تھا۔ ان کا واحد مقصد پران پرتیشتھا کی تقریب میں شرکت کرکے بھائی چارے کا پیغام دینا تھا۔