مہاراشٹرا

ممبئی میں سی جے پی اور طلبہ کے احتجاج کا ڈر، 6 اگست تک امتناعی احکام جاری

ممبئی پولیس کے مطابق حالیہ دنوں میں نئی دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کی جانب سے نیٹ امتحان میں مبینہ پیپر لیک اور دیگر امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف جاری احتجاج کی حمایت میں ممبئی کے مختلف علاقوں میں بھی مظاہرے کیے گئے تھے۔ انہی حالات کے پیشِ نظر کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے یہ احتیاطی اقدام کیا گیا ہے۔

ممبئی: مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے شہر بھر میں امتناعی احکامات نافذ کر دیے ہیں۔ یہ احکامات 24 جولائی سے 6 اگست تک مؤثر رہیں گے۔

ممبئی پولیس کے مطابق حالیہ دنوں میں نئی دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کی جانب سے نیٹ امتحان میں مبینہ پیپر لیک اور دیگر امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف جاری احتجاج کی حمایت میں ممبئی کے مختلف علاقوں میں بھی مظاہرے کیے گئے تھے۔ انہی حالات کے پیشِ نظر کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے یہ احتیاطی اقدام کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہر میں امن و امان متاثر ہونے، عوامی سکون میں خلل پڑنے اور جان و مال کے نقصان کا خدشہ موجود تھا، جس کے باعث پورے شہر میں امتناعی احکامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

احکامات کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے بغیر اجازت جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسلحہ، دھماکہ خیز مواد، لاٹھیاں یا دیگر خطرناک اشیاء ساتھ رکھنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

پولیس کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق عوامی مقامات پر نعرے بازی، تقاریر، گانے، موسیقی بجانا، علامتی احتجاج، بینرز، پوسٹرز، پلے کارڈز یا ایسے نشانات کی نمائش بھی ممنوع ہوگی جنہیں حکام امن عامہ، ریاستی سلامتی یا عوامی نظم و ضبط کے لیے نقصان دہ تصور کریں۔

ممبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کا احتجاج یا مظاہرہ غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) اور مہاراشٹر پولیس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 20 جولائی کو ہزاروں طلبہ اور کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے حامی نیٹ امتحان میں مبینہ پیپر لیک اور امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جنتر منتر سے پارلیمنٹ کی جانب مارچ کر رہے تھے۔ مظاہرین مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی اور جھڑپوں کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔

اسی تناظر میں ممبئی میں بھی حساس مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔