خوفزدہ مزدور نے بیوی کی شادی آشنا سے کرادی (ویڈیو)
ایک خاتون اور اس کے آشنا کی جانب سے شوہر کو قتل کئے جانے‘ اس کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کئے جانے اور سمنٹ سے بھرے ڈرم میں ڈال دیئے جانے سے خوفزدہ اترپردیش کے میرٹھ میں ایسے ہی ایک اور جوڑے نے انوکھا اقدام کیا۔

میرٹھ: ایک خاتون اور اس کے آشنا کی جانب سے شوہر کو قتل کئے جانے‘ اس کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کئے جانے اور سمنٹ سے بھرے ڈرم میں ڈال دیئے جانے سے خوفزدہ اترپردیش کے میرٹھ میں ایسے ہی ایک اور جوڑے نے انوکھا اقدام کیا۔
اس شخص نے اپنی بیوی کی شادی اس کے آشنا کروادی جس سے اس کی ملاقات 18مہینہ پہلے ہوئی تھی۔ وہ اس شادی کا گواہ بھی بنا۔ سنت کبیر نگر کے کٹار مشرا گاؤں سے تعلق رکھنے والے ببلو نے ضلع گورکھپور کی ساکن رادھیکاکے ساتھ 2017 میں شادی کی تھی۔ ان دونوں کے دو بچے ہیں۔
ببلو دوسری ریاست میں کام کرتا ہے اور اسے پتا چلاکہ اس کی بیوی کے ناجائز تعلقات اسی کے گاؤں کے ساکن وکاس کے ساتھ ہوگئے ہیں اوریہ سلسلہ تقریباً دیڑھ سال سے جاری ہے۔ اس نے بیوی کو اطلاع دیئے بغیر گھر واپس ہونے کافیصلہ کیااور پھر اس اطلاع کی توثیق کرنے اس کا پیچھا کرناشروع کیا۔
گاؤں والوں نے بتایا کہ جب اس کے شکوک و شبہات کی توثیق ہوگئی تو ببلو نے اپنی بیوی کے ساتھ لڑائی جھگڑا نہیں کیا اور نہ بحث و تکرار کی۔اس نے گاؤں کے بزرگوں کو اس معاشقہ سے واقف کرایا۔ اس نے فیصلہ کیاکہ اپنی بیوی کی شادی اس کے آشنا کے ساتھ کرادی جائے۔ ببلو نے ہندو رسوم و رواج کے مطابق رادھیکا کی شادی شیومندر میں کرائی اور اس کا گواہ بنتے ہوئے تمام قانونی کارروائی بھی مکمل کی۔
اس نے عدالت میں شادی کااندراج بھی کرایا۔ مزدور نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ وہ اپنے دوبچوں کو اپنے پاس رکھے گا اور تنہا ان کی پرورش کرے گا۔ ویڈیوز میں دیکھاجاسکتاہے کہ رادھیکا وکاس کے ساتھ شادی کررہی ہے اور اس موقع پر اس کے بچے اور گاؤں کے دیگر لوگ بھی وہاں موجود ہیں۔ وکاس کو رادھیکاکی پیشانی پر سندور لگاتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے۔
ببلو نے شادی کے بعد اس جوڑے کے ساتھ تصویر کشی بھی کرائی۔اس سوال پر کہ اس نے یہ غیر معمولی قدم اٹھانے کافیصلہ کیو ں کیا ‘ ببلو نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ میں نے اپنے آپ کو امکانی نقصان سے بچانے ان کی شادی کروائی۔ حالیہ عرصہ میں ہم نے دیکھا ہے کہ بیویاں‘ شوہروں کو ہلاک کررہی ہیں۔ میرٹھ کا واقعہ دیکھنے کے بعد میں نے اپنی بیوی کی شادی اس کے آشنا سے کروانے کافیصلہ کیا تاکہ ہم دونوں چین اور سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔