دہلی

یوپی میں بقرعید سے پہلے چوکسی میں اضافہ، سخت سیکورٹی انتظامات۔سوشل میڈیا پر نظر

اترپردیش پولیس نے ہفتہ کے روز بقرعید سے پہلے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ ریاست بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری اورتہوار کے پرامن انعقاد کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

نئی دہلی: اترپردیش پولیس نے ہفتہ کے روز بقرعید سے پہلے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ ریاست بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری اورتہوار کے پرامن انعقاد کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

میرٹھ، علی گڑھ، ایٹاوہ اور قاضی پور جیسے اضلاع میں ریاپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف)، پی اے سی اور مقامی انٹلیجنس یونٹ کی ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے اور سیکورٹی انتظامات میں سختی پیدا کی گئی ہے۔ میرٹھ میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ویپن تاڈا نے بتایا کہ میرٹھ پولیس نے بقرعید کے لئے چوکسی اختیار کی ہے۔ رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی اور ضلع مجسٹریٹ دونوں ہی کاروائیوں کی نگرانی کریں گے۔ تمام برادریوں کے ارکان پر مشتمل سنٹرل پیس کمیٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی انتظامات کیلئے پی اے سی، سیول پولیس اور ایل آئی یو کے ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا سرگرمیوں پر قریبی نظر رکھی جارہی ہے۔

غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عام مقامات پر نماز کی ادائیگی، ممنوعہ جانوروں کی قربانی اور کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر امتناع عائد کردیا گیا ہے۔ علی گڑھ میں بھی مماثل اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مینک پاٹھک نے بتایا کہ ہم بقرعید کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات کررہے ہیں۔ اضافی فورسس بشمول آر اے ایف اور پی یو سی کی دو کمپنیوں کو تعینات کیا جارہا ہے۔

مختلف پولیس اسٹیشنوں کا عملہ اور سرکل آفیسرس بھی موجود رہیں گے۔ مجرمانہ اور شرپسندی کی سرگرمی پر نظر رکھنے نگرانی کی جارہی ہے۔ کلیدی علاقوں کی نگرانی کے لئے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ سوشل میڈ یا پر اشتعال انگیز یا قابل اعتراض مواد پوسٹ کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایٹاوہ میں پولیس نے اپنی حکمت ِ عملی کو قطعیت دے دی ہے۔

ایس ایس پی برجیش کمار شریواستو نے بتایا کہ ہم نے سنٹرل پیس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں دونوں برادریوں کے اہم نمائندے شامل ہیں۔ ضلع کو زونس اور سیکٹرس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پولیس عہدیداروں اور مجسٹریٹ کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

تمام عہدیدار پٹرولنگ پر رہیں گے تاکہ تہوار کے پرامن انعقاد کو یقینی بناسکیں۔ قاضی پور میں سپرنٹندنٹ پولیس ایرج راجہ نے بتایاکہ سنٹرل پیس کمیٹی کی میٹنگ کے دوران واضح ہدایات دی جاچکی ہیں۔ کھلے مقامات پر قربانی اور نماز ادا نہیں کی جانی چاہئے۔ ممنوعہ جانوروں کی قربانی پر سخت پابندی ہے۔ ان رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حکومت کی ہدایات کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔