فیفا ورلڈ کپ: انگلینڈ نے ایران کو شکست دے دی
اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ گروپ بی کے پوائنٹس ٹیبل پر تین پوائنٹس حاصل کرکے سرفہرست ہے۔
دوحہ: انگلینڈ نے پیر کو گروپ بی کے اپنے مقابلے میں ایران کو 6-2 سے شکست دے کر 2022 فیفا ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا ہے۔
جوڈ بیلنگھم (35ویں)، بکائیو ساکا (43ویں، 62ویں)، رحیم اسٹرلنگ (45+1 منٹ)، مارکس راشفورڈ (71ویں) اور جیک گریلش (89ویں منٹ میں) نے ٹیم کے لئے گول کئے۔ ایران کی جانب سے پہلا گول مہدی تریمی نے 65ویں منٹ میں کیا جب کہ اضافی وقت کے 13ویں منٹ میں پنالٹی کو انہوں نے ہی گول میں تبدیل کیا۔
دونوں ٹیموں نے ہی کھیل کا آغاز جوش و خروش کے ساتھ کیا مگر اپنے دوسرے ورلڈ کپ کی تلاش میں انگلینڈ نے مقابلے میں جلد ہی برتری حاصل کرلی۔
پہلے ہاف میں بیلنگھم، ساکا اور اسٹرلنگ کے گول نے ایران کے حوصلے پست کر دئیے۔ تریمی نے ایران کے لئے دوسرے ہاف میں دو گول کئے، لیکن یہ صرف شکست کے فرق کو ہی کم کر سکے۔
اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ گروپ بی کے پوائنٹس ٹیبل پر تین پوائنٹس حاصل کرکے سرفہرست ہے۔