مہاراشٹرا

ممبئی میں پہلی زیرزمین میٹرو لائن کا آغاز

ممبئی میٹرو 3 (ایکوا لائن) جو شہر کی پہلی زیرزمین میٹرو سروس ہے‘ پیر کے دن عوام کے لئے باقاعدہ کھول دی گئی۔

نئی دہلی(آئی اے این ایس) ممبئی میٹرو 3 (ایکوا لائن) جو شہر کی پہلی زیرزمین میٹرو سروس ہے‘ پیر کے دن عوام کے لئے باقاعدہ کھول دی گئی۔

یہ لائن بی کے سی (باندرہ کرلا کامپلکس) اور آر اے کالونی کے بیچ چلتی ہے اور 10 اسٹیشنوں کا احاطہ کرتی ہے۔ توقع ہے کہ اس انڈر گراؤنڈ میٹرو سروس سے روڈ ٹریفک 35 فیصد گھٹ جائے گی اور روزانہ تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار لیٹر ایندھن کی بچت ہوگی۔

آئی اے این ایس نے بعض مسافرین سے بات چیت کی جو اپنے پہلے سفر کے تعلق سے کافی خوش تھے۔ ستیندر نامی مسافر نے کہا کہ اس لائن سے عوام کو بڑی راحت ملی ہے۔ وقت کی بھی بچت ہوگی۔ اس نے کہا کہ پہلے میں ایک تا دیڑھ گھنٹہ کا سفر کرتا تھا۔

جہانگیر شیخ نے کہا کہ میں اس کے لئے مینجمنٹ اور حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ہم بیرونی ممالک میں ایسے انفرااسٹرکچر کی باتیں کرتے تھے لیکن یہاں اسے دیکھ کر اچھا لگا۔ اس سے وقت بچے گا اور ہمیں کام کرنے کے مزید گھنٹے ملیں گے۔

سی وی مشرا نامی مسافر نے کہا کہ یہ لائن 20 سال قبل شروع ہوجانی چاہئے تھی۔ ہم عرصہ ئ دراز سے پرہجوم ٹرینوں کا تکلیف دہ سفر بھگت رہے ہیں۔ ایک اور مسافر نے کہا کہ بی کے سی میں دفتر پہنچنے کے لئے اسے ٹریفک جام میں پھنسنا پڑتا تھا۔

اس پراجکٹ کو ممبئی کا کایاپلٹ دینے والا پراجکٹ کہا جارہا ہے۔ اس سے روزانہ تقریباً 17 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔