مودی اور یوگی کی تعریف کرنے پر ڈرائیور نے ایک شخص کو کار کے نیچے روند ڈالا
اسی دوران راجیش نے نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریفیں شروع کردیں۔ اس بات پر محمد امجد ناراض ہوگیا اور ان لوگوں سے جھگڑنے لگا۔
مرزاپور: اترپردیش کے ضلع مرزاپور کے وندھیا چل علاقے میں سیاست پرچل رہی بحث کے درمیان وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف سے مبینہ طور پر ناراض ہوکر کار ڈرائیور نے ایک شخص کو گاڑی سے نیچے اتار کر اسے روند دیا جس کے نتیجہ میں اس کی موت ہوگئی۔ اس پر مشتعل لوگوں نے علاقہ میں ٹریفک جام کردی۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر کانت پرجاپتی نے بتایا کہ علاقے کے کولاہی گاؤں کے رہنے والے راجیش دھر دوبے کے بھتیجے کی اتوار کو شادی تھی۔ بارات مرزا پور شہر تک گئی تھی۔ پیر کی صبح بارات واپس آرہی تھی۔ بولیرو کار کرایہ پر لی گئی تھی جسے وجئے پور گاؤں کا رہنے والا محمد امجد چلا رہا تھا۔
کار میں راجیش کے ساتھ پانچ باراتی سوار تھے۔ گاڑی میں بیٹھے لوگ سیاسی بحث میں مگن تھے۔ اسی دوران راجیش نے نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریفیں شروع کردیں۔ اس بات پر محمد امجد ناراض ہوگیا اور ان لوگوں سے جھگڑنے لگا۔
الزام ہے کہ مہوکھر گاؤں کے قریب باراتیوں کواتارنے کے بعد ڈرائیور نے راجیش کو اپنی گاڑی کے نیچے روند ڈالا جس کے نتیجہ میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ راجش کو روندنے کے بعد ڈرائیور محمد امجد فرار ہوگیا۔
اس واقعہ کے بعد گاؤں والوں نے علاقہ کی سڑک مسدود کردی اور ڈرائیور کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے کسی طرح ٹریفک جام ختم کرایا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے بتایا کہ لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کی کارروائی کی جا رہی ہے۔