کیا اترپردیش کے ضمنی انتخابات میں مجلس مقابلہ کرے گی، اسدالدین اویسی کی وضاحت
اسد الدین اویسی نے کہاکہ اتحاد کے حوالے سے بات چیت مکمل ہو چکی ہے اور ان کی پارٹی کے صدر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ دو سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے، جبکہ باقی سیٹوں کے بارے میں فیصلہ پلوی پٹیل کریں گی۔

حیدرآباد: مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے اتر پردیش کے ضمنی انتخابات میں اپنی پارٹی کی شرکت کے حوالے سے وضاحت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس اپنادل پارٹی کے ساتھ اتحاد میں آگے بڑھے گی، جو یوپی میں اچھے سے کام کررہی ہے۔
اویسی نے یہ بھی کہا کہ وہ اتر پردیش کے ضمنی انتخابات میں اپنادل کے رہنما ڈاکٹر پلوی پٹیل کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحاد کے حوالے سے بات چیت مکمل ہو چکی ہے اور ان کی پارٹی کے صدر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ دو سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے، جبکہ باقی سیٹوں کے بارے میں فیصلہ پلوی پٹیل کریں گی۔
اویسی نے یقین دلایا کہ یہ دونوں جماعتیں اس ضمنی انتخاب میں مل کر مقابلہ کریں گی اور زیادہ تر سیٹیں جیتیں گی۔
واضح رہے کہ اتر پردیش میں 9 اسمبلی سیٹوں کے لیے جلد ہی ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں۔ یہ سیٹیں اس وقت خالی ہوئی ہیں جب سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے عرفان سولنکی کو ایک مجرمانہ معاملہ میں قصوروار قرار دیا گیا۔ ان حالات کی وجہ سے ان حلقوں میں ضمنی انتخابات ناگزیر ہو گئے ہیں۔