دہلی

وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کا  کل سے 2 روزہ دورہ مصر

مرکزی وزیر خارجہ‘ مصر میں مقیم ہندوستانیوں بشمول طلبا سے خطاب کریں گے اور مصری و ہندوستانی تاجرین سے ملاقات کریں گے۔ ہندوستان اور مصر کے درمیان روایتی طورپر گرمجوشانہ اور دوستانہ تعلقات‘تاریخی اور ثقافتی روابط رہے ہیں۔

نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جئے شنکر 15  اکتوبر کو مصر کے 2 روزہ دورہ پر روانہ ہوں گے جس کے دوران توقع ہے کہ وسیع تر باہمی علاقائی اور بین الاقوامی امور پر ان کی اپنے مصری ہم منصب سامح شکری کے ساتھ بات چیت ہوگی۔ یہ ان کا پہلا باہمی دورہ مصر ہوگا۔

 ایک سرکاری بیان کے مطابق مرکزی وزیر خارجہ‘ مصر میں مقیم ہندوستانیوں بشمول طلبا سے خطاب کریں گے اور مصری و ہندوستانی تاجرین سے ملاقات کریں گے۔ ہندوستان اور مصر کے درمیان روایتی طورپر گرمجوشانہ اور دوستانہ تعلقات‘تاریخی اور ثقافتی روابط رہے ہیں۔ دونوں ملک جاریہ سال اپنے سفارتی تعلقات کا 75 سالہ جشن منارہے ہیں۔

 مصر‘ افریقہ میں ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا ہے اور اس دورہ کے دوران تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ مالیاتی سال 2021-22 کے دوران ہند۔ مصر کی باہمی تجارت 7.26 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔مصر میں ہندوستان نے زائداز 3.15 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ فی الحال وہاں زائداز 50 ہندوستانی کمپنیاں مختلف شعبوں میں سرگرم ہیں۔