تلنگانہ کے سابق وزیر کے ٹی راماراوکو ہارورڈ یونیورسٹی میں خطاب کی دعوت
یہ دعوت نامہ حیدرآباد اور تلنگانہ میں عالمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ریاست کو ٹکنالوجی کے مرکز کے طور پر مضبوط کرنے میں ان کے مثالی کردار کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے کیمپس میں 14 اور 15 فروری کو ہونے والی اس کانفرنس کا موضوع ”وہ ہندوستان جس کا ہم تصور کرتے ہیں“ رکھا گیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سابق وزیرو بی آرایس کے کارگزارصدرتارک راما راو کو ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی انڈیا کانفرنس کے 23 ویں ایڈیشن میں خطاب کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔
یہ دعوت نامہ حیدرآباد اور تلنگانہ میں عالمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ریاست کو ٹکنالوجی کے مرکز کے طور پر مضبوط کرنے میں ان کے مثالی کردار کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے کیمپس میں 14 اور 15 فروری کو ہونے والی اس کانفرنس کا موضوع ”وہ ہندوستان جس کا ہم تصور کرتے ہیں“ رکھا گیا ہے۔
یہ امریکہ میں طلبہ کی جانب سے منعقد کی جانے والی سب سے بڑی کانفرنسوں میں سے ایک ہے جس میں ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات، پالیسی ساز اور ثقافتی نمائندے شرکت کرتے ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق، کے ٹی راما راوکی شرکت تلنگانہ کو ٹکنالوجی اور جدت طرازی کے مرکز کے طور پر عالمی نقشہ پر لانے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔ کانفرنس کے پہلے دن ہارورڈ کینیڈی اسکول میں طرزِ حکمرانی اور عوامی پالیسی پر بات ہوگی جبکہ دوسرے دن ہارورڈ بزنس اسکول میں کاروبار اور عالمی معیشت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جہاں کے ٹی راما راواپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اس دورہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ عالمی سطح پر تلنگانہ کی معاشی پالیسیوں اور مستقبل کے ویژن کو مزید پذیرائی ملے گی۔