دہلی–آگرہ ایکسپریس وے پر دھند کے باعث خوفناک حادثہ، 4 افراد زندہ جل کر ہلاک
نگل کی صبح متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک بڑے سڑک حادثے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ گھنی دھند کے باعث پیش آیا، جس میں سات بسیں اور تین کاریں شامل تھیں۔ تصادم کے بعد کچھ گاڑیوں میں آگ لگ گئی
متھرا (اتر پردیش): منگل کی صبح دہلی–آگرہ یعنی یمنا ایکسپریس وے پر شدید دھند کے باعث پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں کم از کم چار افراد زندہ جل کر ہلاک ہوگئے، جبکہ 25 دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ متھرا کے قریب اُس وقت پیش آیا جب کم دکھائی دینے کے سبب سات بسیں اور تین کاریں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے بعد کئی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی اور مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔
متھرا کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شلوک کمار نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گھنی دھند کے سبب سڑک پر حدِ نگاہ انتہائی کم تھی، جس کی وجہ سے یہ بڑے پیمانے پر گاڑیوں کا تصادم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد فائر سروس، مقامی پولیس اور انتظامیہ کی ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا گیا۔
ایس ایس پی شلوک کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا،
"منگل کی صبح متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک بڑے سڑک حادثے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ گھنی دھند کے باعث پیش آیا، جس میں سات بسیں اور تین کاریں شامل تھیں۔ تصادم کے بعد کچھ گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سرچ اور ریسکیو آپریشن تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے، جبکہ باقی مسافروں کو سرکاری گاڑیوں کے ذریعے ان کے گھروں تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب، متھرا کے ضلع مجسٹریٹ چندر پرکاش سنگھ نے اس حادثے کو "انتہائی افسوسناک” قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے چار افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور فوری طور پر 12 سے زائد فائر ٹینڈرز اور 14 ایمبولینسیں موقع پر تعینات کی گئیں۔
ڈی ایم چندر پرکاش سنگھ نے کہا،
"زخمیوں کو سی ایچ سی بلدیو اور ضلع اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ خوش قسمتی سے کوئی بھی زخمی شدید حالت میں نہیں ہے اور تمام افراد خطرے سے باہر ہیں۔ ہماری اولین ترجیح راحت رسانی اور زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنا ہے۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ بعد میں کی جائے گی۔”
قابلِ ذکر ہے کہ اس سے ایک دن قبل بھی گھنی دھند کے سبب دہلی–ممبئی ایکسپریس وے پر تقریباً 20 گاڑیوں کے تصادم کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں چار افراد ہلاک اور 15 سے 20 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ ان مسلسل حادثات نے ایک بار پھر دھند کے موسم میں تیز رفتاری اور احتیاطی تدابیر کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے۔