”دوست دوست نہ رہا“ٹرمپ کے حالیہ اقدامات پر کانگریس کا مودی پر طنز
کانگریس نے آج امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ تبصروں اور اقدامات پر راج کپور کی 1964 کی فلم ”سنگم“ سے مکیش کے مشہور گیت ”دوست دوست نہ رہا“کا استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کیا۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس نے آج امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ تبصروں اور اقدامات پر راج کپور کی 1964 کی فلم ”سنگم“ سے مکیش کے مشہور گیت ”دوست دوست نہ رہا“کا استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کیا۔
کانگریس جنرل سکریٹری و انچارج برائے مواصلات جئے رام رمیش نے یہ بھی سوال کیا کہ ”نمستے ٹرمپ‘ ہاؤڈی مودی اور ہگلومیسی“ کا کیا ہوا۔ انہوں نے ایکس پر کہا ”دیکھیں صدر ٹرمپ نے وسط مئی 2025 سے اب تک کیا کیا ہے۔
انہوں نے 45 مرتبہ 4 مختلف ممالک بشمول اقوام متحدہ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہند۔ پاک کے درمیان لڑائی بندی کرائی جس کے نتیجہ میں آپریشن سندور کو اچانک روک دیا گیا“۔
کانگریس لیڈر نے کہاکہ ٹرمپ نے پاکستان کے فوجی سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤز میں ایک غیرمعمولی لنچ پر مدعو کیا تھا۔
یہی وہی شخص ہے جس کے اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ۔ زہریلے بیانات کے پس منظر میں پہلگام میں دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔
انہوں (ٹرمپ) نے امریکہ۔ پاکستان معاشی شراکت داری کو فروغ دینے کی بات کی ہے اور بعض اطلاعات کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان باہمی حکمت عملی دفاعی معاہدہ کو ہری جھنڈی دکھائی ہے۔
انہوں نے ہندوستانی برآمدات پر تادیبی ٹیرف نافذ کئے ہیں اور H1B ویزا قانون کو تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے روس کے ساتھ ہندوستان کی دیرینہ معاشی شراکت داری پر اسے سزا دی ہے۔