قومی

اکھلیش یادو نے موہن بھاگوت کا مذاق اُڑایا

سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کے دن آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت پر درپردہ طنز کیا جنہوں نے حال میں دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستان کے لوگوں کا ڈی این اے 40 ہزار سال سے ایک جیسا ہے۔

آرہ  (بہار) (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کے دن آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت پر درپردہ طنز کیا جنہوں نے حال میں دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستان کے لوگوں کا ڈی این اے 40 ہزار سال سے ایک جیسا ہے۔

سابق چیف منسٹر اترپردیش نے جنہوں نے بہار میں راہول گاندھی کی ووٹر ادھیکار یاترا کے آخری پڑاؤ میں حصہ لیا‘ آرہ ٹاؤن میں ریالی سے خطاب میں کہا کہ ہم کہہ رہے تھے کہ سماجی انصاف کے لئے ہماری لڑائی 5 ہزار سال پرانی ہے لیکن اب حال میں ہمیں پتہ چلا کہ یہ 40 ہزار سال پرانی ہے۔ انہوں نے ترکی بہ ترکی کہا کہ اب ہمیں کمر کس لینی چاہئے۔ ہم 5 ہزار سالہ سماجی نابرابری کی بات کرتے ہیں لیکن بی جے پی۔

آر ایس ایس نے زور دے کر کہا ہے کہ یہ نظام 40 ہزار سال پرانا ہے۔ پچھلے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کو اودھ (یوپی) میں ہرایا گیا تھا اب اسے مگدھ (بہار) سے کھدیڑنے کا وقت آگیا ہے۔ موہن بھاگوت نے آر ایس ایس کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر جاریہ ہفتہ ایک تقریب میں یہ بھی کہا تھا کہ اکھنڈ بھارت میں رہنے والا ہر کوئی ہندو ہے۔ اکھلیش یادو نے بہار میں رتھ روکے جانے کا بھی ذکر کیا۔

وہ بظاہر 1990 میں سمستی پور میں بی جے پی قائد لال کرشن اڈوانی کی گرفتاری کا حوالہ دے رہے تھے۔ سماج وادی پارٹی سربراہ نے لالو پرساد یادو کے ولی عہد تیجسوی یادو کی تائید کی اور کہا کہ ہم آنے والے اسمبلی الیکشن میں ان کا بھرپور تعاون کریں گے۔ ہماری خواہش ہے کہ وہ اگلی حکومت بنائیں اور بہار کو ترقی کی راہ پر لے جائیں۔ تیجسوی نے بہار کے نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں جبری نقل مقامی ختم ہوجائے گی۔

تیجسوی کو اسمبلی الیکشن جتایا جائے اور اب ریاست سے نقل مقامی کرنے کی باری بی جے پی کی ہو۔ سماج وادی پارٹی قائد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت ہمیں ڈرانے کی کوشش کرتی ہے لیکن خود امریکی صدر ٹرمپ سے ڈرتی ہے۔

ایسا لگتا ہے کہ امریکی ٹیرف بی جے پی والوں کے منہ پر بھی طمانچہ ہے۔ سماج وادی پارٹی صدر اور سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے ہفتہ کے دن بہار کے ضلع سارن میں کانگریس کی ووٹر ادھیکار یاترا میں حصہ لیا۔ ایکس پر پوسٹ میں سینئر کانگریس قائد کے سی وینوگوپال نے کہا کہ ملک کی جمہوریت کو برباد کرنے کی بی جے پی کی کوشش کے خلاف ہماری پارٹی کی لڑائی میں اکھلیش یادو ہمارے پکے حلیف ہیں۔ آج صبح سابق چیف منسٹر یوپی اکھلیش یادو جی سارن میں ووٹر ادھیکار یاترا میں شامل ہوئے۔

جمہوریت کو بچانے کی اس تاریخی تحریک میں ان کا خیرمقدم ہے۔ وہ یوپی اور سارے ملک میں غریبوں اور درکنار لوگوں کی زوردار آواز ہیں۔ وینوگوپال نے راہول گاندھی اور تیجسوی یادو سے اکھلیش یادو کی ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی۔ آر جے ڈی سربراہ لالوپرساد یادو کی بیٹی روہنی آچاریہ بھی موجود تھیں۔

انہوں نے سارن سے گزشتہ برس لوک سبھا الیکشن لڑا تھا لیکن جیت نہیں پائی تھیں۔ سماج وادی پارٹی سربراہ‘ تیجسوی یادو‘ روہنی آچاریہ اور انڈیا بلاک کے دیگر نمائندے اوپن ٹاپ اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکل (یس یو وی) میں سوار تھے۔