دہلی

انڈیا‘ پولیس اسٹیٹ اور مودی راجہ ہے: راہول گاندھی

ہندی میں ایک اور ٹویٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ دیس کے راجہ نے حکم دیا ہے کہ بے روزگاری‘ مہنگائی‘غلط جی ایس ٹی‘ اگنی پتھ پر جو بھی سوال اٹھائے اسے جیل میں ڈال دو۔

نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی اور ان کی پارٹی کے کئی دیگر ارکان کو نئی دہلی میں منگل کے دن وجئے چوک پر حراست میں لے لیا گا۔ یہ لوگ پارٹی صدر سونیاگاندھی سے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) کی پوچھ تاچھ کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ نیشنل ہیرالڈ۔ اسوسی ایٹیڈ جرنلس لمیٹڈ کیس سے جڑی منی لانڈرنگ کیس میں کانگریس صدر سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ کا یہ دوسرا دن تھا۔

قبل ازیں ان سے جمعرات کو پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔ راہول گاندھی اور دیگر ارکان‘ پارلیمنٹ میں جمع ہوئے اور انہوں نے صدرجمہوریہ کی توجہ مرکزی ایجنسیوں کے بے جا استعمال کی طرف مبذول کرانے راشٹرپتی بھون جانے وجئے چوک کی طرف مارچ کیا لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔

راہول گاندھی کو پولیس کی بس میں بٹھادیا گیا لیکن عہدیداروں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کہاں لے جایا جارہا ہے۔ کانگریس کے دیگر ارکان پارلیمنٹ کو پولیس کی دیگر بسوں میں لے جایا گیا۔ راہول گاندھی نے کہا ”انڈیا ایک پولیس اسٹیٹ ہے‘ مودی راجہ ہے“۔

 انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارلیمنٹ میں بحث ہونے نہیں دی جارہی ہے۔ راشٹرپتی بھون کی طرف مارچ سے روکے جانے پر کانگریس کے سابق صدر نے ٹویٹر پر اپنے احتجاج کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ میں کہیں نہیں جارہا۔ ہم راشٹرپتی بھون جانا چاہتے ہیں لیکن پولیس ہمیں جانے نہیں دے رہی۔

اس آمریت کو دیکھئے‘ پرامن مظاہرے نہیں کئے جاسکتے۔ مہنگائی اور بے روزگاری پر بحث نہیں کی جاسکتی۔ پولیس اور ایجنسیوں کے بے جا استعمال‘ یہاں تک کہ ہماری گرفتاری سے آپ ہم کو کبھی بھی خاموش نہیں کرسکیں گے۔ صرف سچائی اس آمریت کا خاتمہ کرے گی۔

 ہندی میں ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ دیس کے راجہ نے حکم دیا ہے کہ بے روزگاری‘ مہنگائی‘غلط جی ایس ٹی‘ اگنی پتھ پر جو بھی سوال اٹھائے اسے جیل میں ڈال دو۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا ملیکارجن کھڑگے نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے ان کے اور دیگر کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ہاتھاپائی کی۔

 انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی ایماء پر ہورہا ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ یہ مودی۔ شاہ جوڑی کی سازش ہے۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کے چیف وہپ جئے رام رمیش نے ٹویٹ کیا کہ کانگریس کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو وجئے چوک پر روک لیا گیا اور انہیں راشٹرپتی بھون جانے نہیں دیا گیا۔

زبردستی گرفتار کیا گیا اور اب ہمیں پولیس کی بسوں میں اس مقام کو لے جایا جارہا ہے جس کا پتہ صرف وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو ہے۔ کانگریس قائدین کو بعدازاں کنگس وے کیمپ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا جہاں انہوں نے اپنی حراست کے موقع کو ایوان سے اپوزیشن ارکان کی معطلی کے بعد پارٹی کی حکمت عملی وضع کرنے سرجوڑ اجلاس کے لئے استعمال کیا۔

قبل ازیں کانگریس ارکان پارلیمنٹ اپنی حکمت عملی وضع کرنے پارلیمنٹ کامپلکس میں جمع ہوئے تھے۔ انہوں نے مہاتماگاندھی کے مجسمہ کے سامنے احتجاج کیا جس میں دیگر جماعتوں کے قائدین نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

ترنمول کانگریس نے کہا کہ حکومت ہمارے ارکان کو معطل کرسکتی ہے لیکن ہمیں خاموش نہیں کرسکتی۔ پارٹی نے ٹویٹر پر لکھا کہ یہ کب تک چلے گا۔ کانگریس قائد مانیکم ٹیگور نے کہا کہ دہلی پولیس نے ہمارے لگ بھگ 75  ارکان کو حراست میں لیا ہے۔