گنیش اتسو سمیتی اور وی ایچ پی کے وفد کی میٹرو ریل لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائرکٹرکو تجاویز
بھاگیہ نگرگنیش اتسو سمیتی اور وشوا ہندو پریشد کے وفد نے ہفتہ کو حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ (ایچ ایم آر ایل) کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی سے ملاقات کی اور دو اہم تجاویز پیش کیں۔
حیدرآباد: بھاگیہ نگرگنیش اتسو سمیتی اور وشوا ہندو پریشد کے وفد نے ہفتہ کو حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ (ایچ ایم آر ایل) کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی سے ملاقات کی اور دو اہم تجاویز پیش کیں۔
بی جی یو ایس کے وفد نے درخواست کی کہ پرانے شہر حیدرآباد میں میٹرو کے ستونوں کو زیادہ اونچائی پر تعمیر کیا جائے تاکہ وہ گنیش وسرجن جلوس میں رکاوٹ نہ بنیں۔
وفد، جس میں بی جی یو ایس کے سکریٹری ڈاکٹر آرششی دھر، کے مہندر، بی وی چندر شیکھر اور بالاپور اتسو سمیتی کے نمائندے کے نرنجن ریڈی اور سرینواس شامل تھے، نے اپنی تشویش اور تجاویز پر مشتمل ایک یادداشت پیش کی۔
ایک علحدہ ملاقات میں، وی ایچ پی کے وفد نے وکٹوریہ میموریل میٹرو اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے اشٹالکشمی ٹیمپل اسٹیشن رکھنے کی درخواست کی۔وفد نے اشٹالکشمی مندرکے قریب اسٹیشن کے سلسلہ میں کہا کہ تجویز کردہ نام نہ صرف عقیدت مندوں کو بہتر رہنمائی فراہم کرے گا بلکہ ثقافتی جذبات سے بھی ہم آہنگ ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسٹیشن کا نام تبدیل کرنے سے موجودہ نام سے منسلک نوآبادیاتی ورثہ ختم ہوگا۔ وی ایچ پی کے وفد میں قومی ترجمان ڈاکٹر ششی دھر اور ریاستی کمیٹی کے اراکین ایچ ناگیشور راؤ، ٹی پرشوتم ریڈی اور پی سدھاکر موجود تھے۔ایچ ایم آر ایل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے دونوں وفود کو یقین دلایا کہ ان کی درخواستوں پر متعلقہ حکام سے مشاورت کے بعد غور کیا جائے گا۔