بین الاقوامیسوشیل میڈیاقومی

غزہ میں آسمان سے سانپ گرنے کی ویڈیو؟ اصل حقیقت کیا ہے؟

غزہ میں اسرائیل کی جانب سے سانپ برسانے کے دعوے کے ساتھ 14 سیکنڈ کی ویڈیو وائرل، فیکٹ چیکنگ اداروں نے اسے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ قرار دے دیا۔ تحقیقات میں ویڈیو کے پرانے ورژن بھی سامنے آگئے۔

نئی دہلی: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں مبینہ طور پر آسمان سے بڑی تعداد میں سانپ زمین پر گرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں پر سانپ برسا رہا ہے۔ تاہم فیکٹ چیک کرنے والے اداروں کی تحقیقات میں یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا ہے۔ تحقیقات کے مطابق یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہے اور اس کا غزہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

14 سکنڈ کی اس ویڈیو میں ایک گرد آلود صحن دکھائی دیتا ہے، جہاں اوپر سے سانپ جیسی کئی چیزیں گرتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ اس دوران ایک خاتون کی آواز بھی سنائی دیتی ہے، جو گھبراہٹ میں لوگوں کو خبردار کرتی ہے۔ ویڈیو میں خاتون کو ہندی زبان میں بات کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

بعد ازاں اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر اس دعوے کے ساتھ شیئر کیا گیا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں پر سانپ گرا رہا ہے۔ 11 نومبر کو ایکس اکاؤنٹ @EYakoby سے بھی اس ویڈیو کے تعلق سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ فلسطینی سوشل میڈیا صارفین اسے اسرائیل کی مبینہ کارروائی کے ثبوت کے طور پر پیش کررہے ہیں۔

12 نومبر کو شائع ہونے والی فیکٹ چیک رپورٹ میں ادارے Lead Stories نے ویڈیو کا جائزہ لینے کے لیے Hive Moderation اور Sightengine جیسے AI ڈیٹیکشن ٹولز کا استعمال کیا۔

رپورٹ کے مطابق Hive Moderation نے ویڈیو کے مصنوعی ذہانت سے تیار ہونے کا امکان اوسطاً 70.4 فیصد ظاہر کیا، جبکہ اس میں موجود آواز کے AI سے تیار ہونے کا امکان 98.2 فیصد بتایا گیا۔ دوسری جانب Sightengine نے ویڈیو کے 13ویں سیکنڈ پر اس کے AI سے تیار ہونے کا امکان 99 فیصد ظاہر کیا۔

فلسطینی فیکٹ چیکنگ پلیٹ فارم Tayqan نے بھی اپنی تحقیقات میں ویڈیو کے بعض فریمز کو AI سے تیار شدہ قرار دیا اور اس کے لیے 99.2 فیصد کا اسکور رپورٹ کیا۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو غزہ سے متعلق دعووں کے سامنے آنے سے کئی ماہ پہلے ہی سوشل میڈیا پر موجود تھی۔

اس طرح فیکٹ چیکنگ اداروں کی تحقیقات سے واضح ہوا کہ آسمان سے سانپ برسنے کی وائرل ویڈیو مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہے۔ اسے غزہ اور اسرائیل کی کارروائیوں سے جوڑنے کا دعویٰ گمراہ کن ہے۔

نوٹ: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کو حقیقت ماننے سے پہلے ان کی تصدیق ضروری ہے۔