ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا شوق نوجوان کی جان لے گیا، شیرنی کے حملے میں 19 سالہ لڑکے کی موت
پاکستان کے لاہور میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے شیرنی کو پنجرے سے باہر نکلوایا گیا تھا۔ اسی دوران 19 سالہ فارم ملازم طلحہ پر حملہ ہوگیا۔ نوجوان کی موت کے بعد پولیس نے سوشل میڈیا انفلوئنسر نعمان حسن کو گرفتار کرلیا۔
نئی دہلی: پاکستان کے شہر لاہور میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شیرنی کے حملے میں 19 سالہ نوجوان کی موت ہوگئی۔ پولیس نے اس معاملے میں سوشل میڈیا انفلوئنسر نعمان حسن کو گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں واقع ایک نجی فارم ہاؤس میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نعمان حسن نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس میں موجود شیرنی کو پنجرے سے باہر نکلوایا تھا۔ اسی دوران شیرنی نے فارم ہاؤس میں کام کرنے والے 19 سالہ نوجوان طلحہ پر حملہ کردیا۔
حملے میں طلحہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد انفلوئنسر نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ طلحہ پر کتے نے حملہ کیا ہے، لیکن تحقیقات کے دوران حقیقت سامنے آئی کہ نوجوان کی موت شیرنی کے حملے میں ہوئی۔
لاہور پولیس نے اس واقعہ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک کا شوق کسی انسان کی زندگی سے زیادہ اہم نہیں ہوسکتا۔ تفریح یا شوق کے نام پر کسی کی جان خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ حقائق چھپانے اور غفلت کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں گی۔
پولیس اب اس بات کی بھی جانچ کررہی ہے کہ فارم ہاؤس میں شیرنی رکھنے کی قانونی اجازت تھی یا نہیں اور وہاں حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے یا نہیں۔
واضح رہے کہ نعمان حسن سوشل میڈیا پر جنگلی جانوروں کے ساتھ ویڈیوز بنانے کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایسی ویڈیوز موجود ہیں جن میں وہ شیر اور تیندوے کے قریب نظر آتا ہے۔ ایک ویڈیو میں وہ زنجیر سے بندھے شیر کو چومنے کی کوشش کرتا دکھائی دیتا ہے، جبکہ دوسری ویڈیو میں تیندوے کو پیار کرتے ہوئے نظر آتا ہے، جو اچانک اس پر جھپٹ پڑتا ہے۔
اس افسوسناک واقعہ نے سوشل میڈیا پر خطرناک ویڈیوز بنانے کے رجحان اور جنگلی جانوروں کے ساتھ غیر محفوظ انداز میں پیش آنے کے معاملے پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔