Uncategorized

جارجیا کی لڑکی کا بالی ووڈ گانوں پر رقص، کون ہے یہ لڑکی؟(ویڈیو)

جارجیا کی انسٹاگرام کریئٹر انا ماریا نے فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے مشہور گانے ’’ڈولی سجا کے رکھنا‘‘ پر اپنے دلکش رقص اور تاثرات سے ہندوستانی صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔

جارجیا سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان سوشل میڈیا کریئٹر ان دنوں ہندوستان میں کافی مقبول ہورہی ہے۔ وجہ ہے اس کا بالی ووڈ گانوں سے لگاؤ اور ہندی فلمی موسیقی پر اس کا دلچسپ انداز میں رقص۔ انسٹاگرام پر anamaria_eva_ نامی اکاؤنٹ سے ویڈیوز شیئر کرنے والی اس کریئٹر کی کئی ویڈیوز کو لاکھوں اور بعض کو کروڑوں مرتبہ دیکھا جاچکا ہے، تاہم اس کی تازہ ویڈیو نے مقبولیت کے تمام سابقہ ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیے ہیں۔

اس وائرل ویڈیو میں لڑکی شاہ رخ خان اور کاجول کی مشہور فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کے گانے ’’ڈولی سجا کے رکھنا‘‘ پر رقص کرتی اور گانے کے بول کے مطابق خوبصورت تاثرات دیتی نظر آرہی ہے۔ اس ویڈیو کو اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے، جبکہ اس پر 60 ہزار سے زائد تبصرے بھی موصول ہوئے ہیں۔

ویڈیو کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں لڑکی ایک معمر شخص کے ساتھ آگ کے قریب ہاتھ تاپتی ہوئی بھی دکھائی دیتی ہے۔ غالباً وہ اس کے خاندان کے بزرگ ہیں۔ ویڈیو میں دونوں کے درمیان نظر آنے والی اپنائیت اور خوشگوار لمحات نے بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی ہے۔

ویڈیو پر بڑی تعداد میں ہندوستانی صارفین نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یہی حقیقی دنیا ہے، جہاں تمام لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ امید ہے کہ دنیا میں کوئی سرحدیں نہ ہوں۔‘‘

لڑکی اور معمر شخص کے درمیان محبت بھرے تعلق پر بھی کئی صارفین نے تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’دادا کو دیکھو، وہ کتنے خوش نظر آرہے ہیں۔‘‘ جبکہ ایک اور نے کہا کہ لڑکی کو اپنے دادا کے ساتھ اتنا خوش دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے، ان کی آنکھوں میں اپنی پوتی کے لیے محبت قابل دید ہے۔

اس ویڈیو نے ایک مرتبہ پھر یہ ظاہر کیا ہے کہ موسیقی اور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ ہندوستانی فلمی گانوں کی مقبولیت صرف ملک تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے مختلف حصوں میں بھی لوگ ان سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔