انتخابات میں کتہ گوڑم سے مقابلہ کیلئے تیار ہوں: ڈائرکٹر محکمہ صحت
ڈاکٹرسرینواس راو نے مفت طبی خدمات کے ذریعہ عوام تک رسائی پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے جی ایس آرٹرسٹ کے ذریعہ کئی سرگرمیاں بھی انجام دی ہیں۔

حیدرآباد:ڈائرکٹر محکمہ صحت تلنگانہ جی سرینواس راو نے سیاست میں داخلہ کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کوتہ گوڑم اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ حکمران جماعت بی آرایس سے اپنی امیدواری کیلئے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو سے آشیرواد لینا چاہتے ہیں۔راو کچھ عرصہ سے اس اسمبلی حلقہ میں سرگرم ہیں۔
وہ طرح طرح کی سرگرمیاں اس حلقہ میں انجام دیتے ہوئے مقامی عوام میں اپنی موجودگی کااحساس دلاتے رہتے ہیں۔ڈاکٹرسرینواس راو نے مفت طبی خدمات کے ذریعہ عوام تک رسائی پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے جی ایس آرٹرسٹ کے ذریعہ کئی سرگرمیاں بھی انجام دی ہیں۔
چونکہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات قریب آتے جارہے ہیں، انہوں نے ان انتخابات میں مقابلہ کیلئے اپنی تیاری کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس آرٹرسٹ کے ذریعہ وہ کوتہ گوڑم میں تعلیم، صحت عامہ اور روزگار کے شعبہ جات میں کام پر توجہ دے رہے ہیں۔سرینواس راو نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس حلقہ کی بہبود کے لئے اپنا رول اداکرنا چاہتے ہیں۔