ملک سے غیر قانونی مسلمانوں کو نکال باہر کریں : گری راج سنگھ
مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے اتوار کے دن بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار سے ریاست سے تمام غیرقانونی بنگلہ دیشی دراندازوں اور روہنگیا مسلمانوں کی وطن واپسی کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے لیے کہا ہے۔

پٹنہ: مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے اتوار کے دن بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار سے ریاست سے تمام غیرقانونی بنگلہ دیشی دراندازوں اور روہنگیا مسلمانوں کی وطن واپسی کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے لیے کہا ہے۔
وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایت راج محکمہ نے بہار میں اپنے حلقہ بیگو سرائے میں طلبہ کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ ریمارک کیا۔ بی جے پی کے آتش بیاں لیڈر نے کہا کہ ریاست سے تمام بیرونی دراندازوں کو وطن واپس بھیجا جانا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ بی جے پی بنگلہ دیشی اور روہنگیا مسلمانوں کو وطن لوٹانے کے لیے اقدامات کرے گی اگر ان کی پارٹی اگلے اسمبلی انتخابات میں ریاست میں حکومت تشکیل دے۔ اگر نتیش کمار ایسا کرنے میں ناکام ہوجائیں۔
سنگھ نے کہا کہ بنگلہ دیشی باغیوں کو ووٹ بینک کی سیاست کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے، کیوں کہ ملک پہلے ہی بڑی آبادی کا بوجھ برداشت کررہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ نتیش کو تمام باغیوں کی نشاندہی کرنی چاہیے اور ریاست سے ان کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔
بی جے پی اس کے لیے ضروری اقدامات کرے گی، اگر یہ ریاست میں حکومت تشکیل دے۔ قبل ازیں بی جے پی کے ریاستی صدر سمراٹ چودھری نے زور دیا تھا کہ تمام بنگلہ دیشی باغیوں کی شناخت کے بعد انہیں بہار سے باہر پھینک دیا جائے گا۔
بی جے پی مسلسل الزام لگا رہی ہے کہ نیپال کی سرحد سے متصل ریاست کا مسلم غلبہ والا سیمانچل علاقہ روہنگیا مسلمانوں اور بنگلہ دیشی دراندازوں کی قابل لحاظ آبادی رکھتا ہے۔
گری راج نے جمعرات کے دن ایک تنازعہ پیدا کیا جب انھوں نے ناتھو رام گوڈسے کو ”بھارت ماتا کا ثبوت“ قرار دیا۔ وزیر نے کہا تھا کہ گوڈسے اس علاقہ میں پیدا ہوا اور وہ بابر یا اورنگ زیب جیسا ایک درانداز نہیں تھا۔