تلنگانہ

بی جے پی کو ووٹ دینا آبیل مجھے مار کے مصداق:کے ٹی آر

ٹی آرایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ بی جے پی کے حق میں ووٹ کا استعمال آبیل مجھے مار کے مصداق ثابت ہوگا۔

حیدرآباد: ٹی آرایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ بی جے پی کے حق میں ووٹ کا استعمال آبیل مجھے مار کے مصداق ثابت ہوگا۔

منگوڈضمنی انتخاب کے ضمن میں آج پارٹی امیدوار کے پربھاکر ریڈی کے حق میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ منگوڈ کاضمنی انتخاب‘سیاسی جماعتوں کے درمیان نہیں بلکہ غریبی اورکارپوریٹ اداروں کے درمیان ٹکراؤ ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عوام کو فائدہ پہنچانے سے گریز کررہی مرکزی حکومت ایک ٹھیکہ دار کوخوش کرنے کے لئے 18 کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیئے دیتی ہے۔کے ٹی راماراؤ نے کہاکہ 8سال قبل گیس سلینڈرکی قیمت 400 روپے تھی۔

اچھے دن آئیں گے کی بات کرنے والی بی جے پی نے آٹھ سالوں میں گیس سلینڈرکی قیمت 1200 روپے کردی ہے اب اگربی جے پی کوپھرایک بار موقع دیا جاتا ہے توگیس سلینڈر کی قیمت 2400 ہونا طئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ کومٹ ریڈی برادرس نظریات سے عاری ہیں۔

راجگوپال ریڈی گزشتہ ساڑھے تین سال کانگریس میں رہے اور کانگریس کوہی دھوکہ دیتے رہے۔مگر وہ یہ بھول گئے کہ وہ اُن عوام کے ساتھ بھی دھوکہ کررہے ہیں جنہوں نے انہیں کامیاب بنایاتھا۔انہوں نے کہاکہ راجگوپال ریڈی نے کبھی عوام کی ترقی پرتوجہ نہیں دی۔ ساڑھے تین سال ضائع کردیئے۔

اپنے مفادات کی تکمیل کے لئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور عوام کے جذبات کومجروح کردیا۔ دوسری طرف ٹی آرایس نے گزشتہ 7 دہوں سے جاری فلورسس مسئلہ سے عوام کو نجات دلائی۔ضلع نلگنڈہ میں ڈھائی لاکھ ایکر اراضیات کوقابل کاشت بنایا۔غریب عوام کی۔

ہر طرح سے مدد کی۔آسراپنشن کے تحت 2000ہزار روپے وظیفہ دیا جارہاہے۔غریب لڑکیوں کی شادیوں کے لئے کلیان لکشمی اسکیم کے تحت مالی مدد فراہم کی جارہی ہے۔ دلت طبقہ کوعزت اورپروقارزندگی بسر کرنے کے خاطر دلت بندھواسکیم پرعمل کیا جارہا ہے۔

کے ٹی راماراؤ نے مرکزی حکومت پر پسماندہ طبقات کا استحصال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ ملک کی جملہ آبادی کا52 فیصد حصہ پسماندہ طبقات پر مشتمل ہے مگر ان کے مسائل کاقومی سطح پر حل دریافت کرنے کا کوئی موقع دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے مرکز سے بی سی طبقہ کے لئے خصوصی طورپر علحدہ وزارت تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔