حیدرآباد

ایڈیٹر آل انڈیا ریڈیو کا خیرسگالی اقدام، اردو اسٹاف کو افطار پیک کا تحفہ

دھرما پوری سریش نے اتوار کے روز آل انڈیا ریڈیو کے اردو، مسلم عملے اور ان کے ارکان خاندان کو اس وقت خوشگوار حیرت سے دوچار کردیا جب انہوں نے ان کے گھروں پر بریانی اور حلیم پر مشتمل افطار پیک روانہ کیا۔

حیدرآباد: ایک ایسے وقت جب ملک کی فضا کچھ ٹھیک نہیں ہے اور انتہا پسندی بڑھتی جا رہی ہے تو کئی ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو رواداری اور یکجہتی کی مشعل تھامے ہوئے ہیں۔

ایسی ہی ایک شخصیت دھرما پوری سریش کی ہے جو آل انڈیا ریڈیو حیدرآباد کی نیوز یونٹ میں ایڈیٹر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

دھرما پوری سریش نے اتوار کے روز آل انڈیا ریڈیو کے اردو، مسلم عملے اور ان کے ارکان خاندان کو اس وقت خوشگوار حیرت سے دوچار کردیا جب انہوں نے ان کے گھروں پر بریانی اور حلیم پر مشتمل افطار پیک روانہ کیا۔

اس خیرسگالی کے اقدام پر مسلم اسٹاف نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ایک اردو نیوز ریڈر جناب اختر حسین ترمذی نے کہا کہ دھرماپوری سریش صاحب حیدرآبادی تہذیب کے دلدادہ اور قدر دان ہیں۔ وہ ایک ملنسار اور مسلم دوست شخصیت ہیں۔ آج ہمارے ملک کو سریش صاحب جیسی شخصیات کی زیادہ سے زیادہ ضرورت ہے۔

دوسری طرف آل انڈیا ریڈیو اردو نیوز یونٹ کے سی جی آپریٹر محمد زبیر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہیں اپنے گھر پر دھرماپوری سریش صاحب افطار پیک تحفہ موصول ہوا تو انہیں خوشگوار حیرت ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ حیدرآبادی تہذیب کی نشانی ہے کہ یہاں لوگ رمضان ہو یا دیوالی، مل جل کر انہیں مناتے ہیں اور ایک دوسرے کو تحفے تحائف بھیج کر گنگا جمنی تہذیب کے فروغ میں اپنا رول ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے دھرماپوری سریش صاحب کا شکریہ ادا کیا۔