قربانی کے وقت حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کیا جائے: مولانا مدنی
ممتاز مسلم تنظیم جمعیت علمائے ہند نے پیر کے دن مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ عیدالاضحی پر قربانی کے وقت حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کریں۔
نئی دہلی: ممتاز مسلم تنظیم جمعیت علمائے ہند نے پیر کے دن مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ عیدالاضحی پر قربانی کے وقت حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کریں۔
قربانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔ صدر جمعیت مولانا ارشد مدنی نے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ صورت ِ حال کے مدنظر مسلمانوں کا احتیاطی اقدامات کرنا اہم ہے۔
مولانا نے مسلمانوں سے کہا کہ وہ قربانی دیتے وقت حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کریں۔ ممنوعہ جانوروں کی قربانی نہ دی جائے۔ کسی نے قربانی کو روکنے کی کوشش کی تو انتظامیہ کو اعتماد میں لیا جائے۔
مولانا مدنی نے مسلمانوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں۔جانوروں کا فضلہ سڑکوں‘ گلیوں اور موریوں میں نہ پھینکا جائے بلکہ اسے اس طرح دفن کیا جائے کہ بدبو نہ آئے۔
جمعیت کے سربراہ نے کہا کہ پوری کوشش کی جائے کہ مسلمانوں کے عمل سے کسی کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ کسی نے بھڑکانے کی کوشش کی تو مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جائے۔