تلنگانہ

منادر کی اراضی پر سولار پلانٹس نصب کرنے حکومت کا منصوبہ

ریاست میں منادر کی وسیع اراضی کے تحفظ کے لیے حکومت تلنگانہ نے ان زمینوں پر شمسی توانائی کے پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ گرین پاور کی پیداوار کی جاسکے۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) ریاست میں منادر کی وسیع اراضی کے تحفظ کے لیے حکومت تلنگانہ نے ان زمینوں پر شمسی توانائی کے پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ گرین پاور کی پیداوار کی جاسکے۔

متعلقہ خبریں
امریکہ اور جاپان کے دورہ سے ڈپٹی چیف منسٹر کی واپسی
شجر کاری صدقہ جاریہ ہے، ماحول کی حفاظت اسلامی فریضہ: مفتی حافظ محمد صابر پاشاہ قادری
کینسر سے متعلق شعور بیداری کی ضرورت: دامودر راج نرسمہا
کہیں بھی آبی بحران کا مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔ ریاستی وزیر سیتا اکا کی ہدایت
محبوب نگر: مدرسہ انوارالحسنات للبنات میں مولانا محمد محسن پاشاہ کی گل پوشی

ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت، منادر کی 252.39 ایکڑ اراضی پر سولار پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ پہلے مرحلہ میں 5 اضلاع سدی پیٹ، میدک، نرمل، نظام آباد اور نلگنڈہ میں 231.05 ایکڑ پر سولار پلانٹس لگائے جائیں گے۔

دوسرے مرحلہ میں ہنمکنڈہ اور محبوب آباد اضلاع میں مندروں کی پھیلی 21.34 ایکڑ اراضی پر سولا ر پلانٹس بنائے جائیں گے۔ یہ سولا ر پلانٹس سدی پیٹ ضلع کے چیریالہ منڈل میں سری وینوگوپالاسوامی مندر کی 9.06 ایکڑ اراضی، سری لکشمی نارائنہ سوامی کی 100 ایکڑ اراضی پر بھی لگائے جائیں گے۔

ضلع میدک کے مندر، نرمل ضلع میں بمسا شری گوسالہ کی 96.36 ایکڑ اور نظام آباد ضلع کے ایڈاپلی منڈل میں جنکمپیٹ گاؤں کی 9.10 ایکڑ زمین پر سولا ر پلانٹ لگائے جائیں گے۔ اسی طرح نلگنڈہ ضلع کے موتکور منڈل کے بیجلا پورم گاؤں میں واقع لکشمی نرسمہا سوامی دیواستھانم کی 15.33 ایکڑ اراضی پر سولا ر پلانٹ لگائے جائیں گے۔

سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کو اس پروجیکٹ کو نافذ کرنے اور اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری دی جائے گی۔ ریاستی حکومت، سیلف ہیلپ گروپ کو سولار پلانٹس لگانے کے لیے فنڈز بھی فراہم کرے گی۔

اس اقدام سے سیلف ہیلپ گروپ خواتین کو سولار پلانٹس کی دیکھ بھال کے ذریعہ آمدنی حاصل کرنے میں مدد ملے گی، عہدیداروں نے کہا کہ مندروں کی زمینوں میں سولار پلانٹس لگانے سے نہ صرف مندروں کے بجلی کے بل کم ہوں گے بلکہ ان اراضیات کو تجاوزات سے بچانے میں بھی مدد ملے گی۔

اس اقدام سے مندروں کو پاور گرڈز کے ذریعہ ڈسکا مس کو اضافی بجلی کی فروخت کے ذریعہ آمدنی پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی، عہدیداروں کے مطابق اب تک تقریباً 34,000 ایکڑ مندر کی اراضی کو جیو ٹیگ کیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تجاوزات اور غیر مجاز قبضہ ہو چکی انڈومنٹ اراضی کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اقدامات شروع کریں۔