تلنگانہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ میں کئی اہم عہدوں کوپُرکرنے کے لیے حکومت کے اقدامات :پونم پربھاکر
انہوں نے کہا کہ پولیس اکیڈمی میں خصوصی تربیت حاصل کرنے والے عہدیداروں کو چاہیے کہ وہ سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے اپنی توانائی صرف کریں تاکہ شرح اموات میں کمی لائی جا سکے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں بےروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے محکمہ ٹرانسپورٹ میں کئی اہم عہدوں کوپُرکرنے کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے آج راجہ بہادر وینکٹ راما ریڈی تلنگانہ پولیس اکیڈمی میں 96 اسسٹنٹ موٹر وہیکل انسپکٹروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر موصوف نے تربیت مکمل کرنے والے اے ایم وی آئیز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی ریونت ریڈی کی قیادت میں قائم عوام دوست حکومت کی بدولت تلنگانہ کا محکمہ ٹرانسپورٹ ملک بھر میں منفرد شناخت حاصل کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اکیڈمی میں خصوصی تربیت حاصل کرنے والے عہدیداروں کو چاہیے کہ وہ سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے اپنی توانائی صرف کریں تاکہ شرح اموات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں ٹریفک قواعد سے متعلق شعور بیدار کرنا اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ میں کئی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں مصنوعی ذہانت کو متعارف کراتے ہوئے وہیکل فٹنس کا جدید نظام نافذ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب کی شمولیت سے محکمہ ٹرانسپورٹ مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں سڑک حادثات میں زخمی ہونے والوں کو کیش لیس علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اسی کے تحت ریاست میں 300 سے زائد عملے کو دو ماہ کی خصوصی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ سڑک حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حیدرآباد شہر میں بجلی، سی این جی اور ایل پی جی گاڑیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے انسپکٹروں پر زور دیا کہ وہ ملک بھر میں محکمہ ٹرانسپورٹ میں تقرری پانے والوں کے لیے رول ماڈل بنیں اور اضلاع کے عہدیداروں سے بہتر ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتے ہوئے نہ صرف والدین بلکہ اپنے آبائی علاقوں کا بھی نام روشن کریں۔