حیدرآباد

حکومت ڈائیلاسس پر سالانہ 100 کروڑ روپے خرچ کرتی ہے: ہریش راؤ

وزیر ہریش راؤ نے حیدرآباد کے(نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس) نمس اسپتال کے نیورو ڈپارٹمنٹ میں 2 کروڑ کی لاگت سے نصب جدید ترین طبی آلات کا افتتاح کیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست ڈائلیسس کے مریضوں کو خدمات فراہم کرنے میں آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے سرکاری اسپتالوں میں سنگل یوز فلٹر ڈائلیسس سسٹم دستیاب کروایا ہے۔

 پہلے یہ کارپوریٹ اسپتالوں تک محدود تھا۔ وزیر ہریش راؤ نے حیدرآباد کے(نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس) نمس اسپتال کے نیورو ڈپارٹمنٹ میں 2 کروڑ کی لاگت سے نصب جدید ترین طبی آلات کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ہمیشہ طالب علم ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس کی یہ ذمہ داری ہے کہ علاج کے سلسلہ میں روزانہ ہونے والی نئی تبدیلیوں اور تکنیکی مہارت سے خود کو ہم آہنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں آروگیہ شری کے تحت ایک روپیہ بھی خرچ کیے بغیر غریبوں کو سنگل یوز فلٹر سسٹم کے ذریعے ڈائیلاسس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

 ریاست بھر میں روزانہ 10 ہزار افرادڈائیلاسس کروارہے ہیں۔ ڈائلاسس کروانے والوں کو بس پاس، پنشن اور ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈائیلاسس پر سالانہ 100 کروڑ روپے خرچ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں کو کارپوریٹ طرز کے علاج کی سہولت فراہم کررہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جدید ترین طبی آلات کے لیے 150 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ تلنگانہ پینے کا صاف پانی فراہم کرنے والی پہلی ریاست ہے۔ انہوں نے کہاکہ نمس کو مزید مضبوط کیا جائے گاجہاں کی خالی ملازمتوں کو پر کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔