سوشیل میڈیاکرناٹک

کلبرگی ریلوے اسٹیشن کی دیواروں پر سبز رنگ سے بھکتوں کو ہوگئی تکلیف

ہندو کارکن لکشمی کانت سادھوی نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن عمارت کو سبز رنگ کو چھوڑکر کوئی بھی دوسرے رنگ میں رنگا جائے۔ کرناٹک کے پرچم میں موجود زرد اور سرخ رنگ کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کلبرگی(کرناٹک): ہندو تنظیموں نے منگل کے دن کلبرگی (گلبرگہ) ریلوے اسٹیشن کی دیواروں پر گرین پینٹ (سبز رنگ و روغن) کی مخالفت کی۔ انہوں نے اسے ہٹانے حکام کو ڈیڈلائن دے دی۔ہندو تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ 15 دن میں ہرا رنگ نہیں ہٹایا گیا تو پورے ریلوے اسٹیشن کو بھگوا رنگ کردیا جائے گا۔

حکام نے ریلوے اسٹیشن کے سامنے کے حصہ کو پینٹ کرانے کا کام شروع کیا ہے۔ فی الحال ریلوے اسٹیشن کی 2 دیواروں کو سبز رنگ کیا گیا۔ ہندو جاگرن ویدیکے کارکنوں نے ریلوے اسٹیشن کے احاطہ میں احتجاج کیا اور حکام کے خلاف نعرے لگائے۔ ان کا کہنا ہے کہ گرین پینٹ اقلیتی فرقہ کی خوشامد کے لئے کیا جارہا ہے۔

 ہندو کارکن لکشمی کانت سادھوی نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن عمارت کو سبز رنگ کو چھوڑکر کوئی بھی دوسرے رنگ میں رنگا جائے۔ کرناٹک کے پرچم میں موجود زرد اور سرخ رنگ کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ گرین پینٹ نہ نکالا گیا تو ہم ساری عمارت کو زعفرانی رنگ میں رنگ دیں گے۔احتجاج پر ریلوے حکام نے پینٹنگ کا کام رکوادیا ہے۔

 انہوں نے موجودہ ہرے رنگ پر دوسرے رنگ کی پرت چڑھادی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عہدیداروں کے حکم پر پینٹنگ کا کام شروع کرایا گیا تھا۔ آرکیٹکٹس کے مشورہ پر پینٹنگ کرائی گئی۔ کلبرگی ریلوے اسٹیشن کے ایک ملازم ستیہ نارائن دیسائی نے کہا کہ ہم دوسرا رنگ کرانے پر تبادلہ خیال کریں گے اور اس کے بعد فیصلہ ہوگا۔