دوران عمرہ حرکت قلب بند، زائر کی زندگی بچالی گئی
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے اجیاد ایمرجنسی ہسپتال کے طبی عملے نے فوری اور بر وقت علاج فراہم کرکے عمرہ زائر کی قیمتی زندگی بچالی۔ عمرے کی ادائیگی کے دوران عمرہ زائر کی دل کی دھڑکن رک گئی تھی۔
مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے اجیاد ایمرجنسی ہسپتال کے طبی عملے نے فوری اور بر وقت علاج فراہم کرکے عمرہ زائر کی قیمتی زندگی بچالی۔ عمرے کی ادائیگی کے دوران عمرہ زائر کی دل کی دھڑکن رک گئی تھی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عمرہ زائر کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ طبی عملے نے اسے اجیاد اسپتال منتقل کرکے فوری طبی امداد فراہم کی۔
اسپتال کے عملے کی جانب سے عمرہ زائر کی دل کی دھڑکن کو بحال کرنے کے لیے الیکٹرک جھٹکے لگائے گئے اور بعد میں انھیں طبی دیکھ بھال اور علاج کے لیے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی منتقل کر دیا گیا۔
یہ امر قابل غور ہے کہ اجیاد ایمرجنسی ہسپتال نے 2023 کے پہلے چھ ماہ کے دوران 596 افراد کو انتہائی نگہداشت کی سہولیات فراہم کیں۔ اس سے قبل مکہ مکرمہ عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے آنے والی سوڈانی زائر خاتون کے ہاں مسجد الحرام کے صحن میں بچے کی ولادت بھی ہوچکی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام کے مغربی صحن میں موجود سوڈانی خاتون نے نئی زندگی کو جنم دیا تھا۔
اخبار نے ہلال احمر کے ترجمان کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ آپریشن روم کو اطلاع ملی تھی کہ ایک زائر خاتون التوحید ہوٹل کے برابر میں مسجد الحرام کے مغربی صحن میں شدید درد میں مبتلا ہیں۔
میڈیکل ٹیم اطلاع پر فوری طور پر وہاں پہنچی تو پتہ چلا کہ زائر خاتون کے ہاں ولادت قریب ہے جس کے بعد ٹیم نے طبی امداد فراہم کی اور بچے کی وہیں ولادت ہوئی۔