دکان میں دو لڑکیوں کا ہنگامہ، توڑ پھوڑ کی ویڈیو وائرل
اترپردیش کے وارانسی میں دو لڑکیوں نے ڈوسا کی دکان میں داخل ہوکر مبینہ طور پر برنر پھینکا اور سامان کی توڑ پھوڑ کی۔ دکاندار نے ملازمین اور گاہکوں کے ساتھ مارپیٹ اور دھمکیاں دینے کا الزام لگایا ہے، جبکہ لڑکیوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کے ساتھ ہوئی مارپیٹ کا حساب لینے پہنچی تھیں۔
اترپردیش کے وارانسی میں ڈوسا کی ایک دکان پر دو لڑکیوں کے ہنگامہ اور توڑ پھوڑ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ کا سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں دونوں لڑکیاں دکان میں رکھے سامان کو پھینکتی اور توڑ پھوڑ کرتی نظر آ رہی ہیں۔
یہ واقعہ وارانسی کے تلسی پور میں پیش آیا۔ دکان کے مالک بال مکند پانڈے کے مطابق 14 نومبر کی رات تقریباً 8 بجے دو لڑکیاں کالے رنگ کی ایکٹیوا اسکوٹی پر دکان پہنچیں۔ الزام ہے کہ دونوں پہلے دکان اور آس پاس کے علاقہ کی ویڈیو بنا رہی تھیں جس کے بعد اچانک دکان میں داخل ہوکر ہنگامہ کرنے لگیں۔
دکاندار کا الزام ہے کہ لڑکیوں نے دکان میں موجود سامان کی توڑ پھوڑ شروع کردی۔ اس دوران دکان میں موجود ملازمین اور گاہکوں کے ساتھ مارپیٹ اور گالی گلوج بھی کی گئی۔ الزام ہے کہ لڑکیوں نے دکان کے گلے میں ہاتھ ڈالنے کی بھی کوشش کی اور مخالفت کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
وائرل سی سی ٹی وی ویڈیو میں دکان کے اندر افراتفری کا ماحول دیکھا جا سکتا ہے۔ ہنگامہ بڑھنے پر دکان میں موجود خواتین باہر نکلنے لگیں۔ اسی دوران ایک خاتون نے لڑکیوں کو روکنے کی کوشش کی جس پر تلخ بحث شروع ہوگئی۔ بعد میں وہاں موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کیا۔
دوسری جانب سی سی ٹی وی میں ریکارڈ آڈیو کے مطابق لڑکیوں کا کہنا تھا کہ ان کے والد کے ساتھ کچھ لوگوں نے مل کر مارپیٹ کی تھی اور وہ اسی کا حساب لینے دکان پہنچی تھیں۔
دکان کے مالک کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور پورے معاملہ کی جانچ شروع کردی ہے۔ فی الحال پولیس دونوں جانب کے الزامات اور واقعے سے متعلق تفصیلات کی تحقیقات کر رہی ہے۔