بین الاقوامیسوشیل میڈیا

دلہن کیچڑ سے لت پت ہوگئی، پھر بھی شادی سے پیچھے نہیں ہٹی!

ویتنام میں شادی کی تقریب سے پہلے دلہا دلہن کی گاڑی کیچڑ بھرے کھیت میں جا گری۔ 19 سالہ دلہن کا شادی کا لباس خراب ہوگیا، تاہم اس نے ہمت نہیں ہاری اور تیار ہوکر شادی کی تمام رسمیں مکمل کیں۔

ویتنام میں شادی کی تقریب سے کچھ دیر پہلے ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ شادی کے لئے دلہا دلہن جس گاڑی میں سوار تھے، وہ حادثاتی طور پر سڑک کنارے کیچڑ بھرے کھیت میں جا گری۔ اس حادثہ میں 19 سالہ دلہن مکمل طور پر کیچڑ میں لت پت ہوگئی، تاہم اس نے ہمت نہیں ہاری اور شادی کی تقریب مکمل کی۔

یہ واقعہ ویتنام کے صوبہ توین کوانگ میں پیش آیا۔ 21 سالہ دلہا لی وان ویت اور 19 سالہ دلہن ڈام تھی ژوان شادی کی تقریب کے لئے دلہن کے گھر سے دلہے کے گھر جا رہے تھے۔ منزل پر پہنچنے سے تقریباً ایک کلومیٹر پہلے اچانک تیز ہوا کے باعث گاڑی کے بونٹ پر سجا پھولوں کا ہار اڑ کر سامنے کے شیشے پر جا گرا۔

اس کی وجہ سے ڈرائیور کو سڑک دکھائی نہیں دی اور گاڑی بے قابو ہوکر سڑک کنارے تقریباً ایک میٹر گہرے کیچڑ بھرے کھیت میں جا گری۔

حادثہ کے بعد مقامی لوگ فوری طور پر مدد کے لیے پہنچے اور گاڑی سے دلہا دلہن کو بحفاظت باہر نکالا۔ خوش قسمتی سے دونوں کو کوئی چوٹ نہیں آئی، البتہ دلہن کا شادی کا لباس اور بال مکمل طور پر کیچڑ سے بھر گئے۔

اس کے باوجود دلہن نے شادی کی تقریب منسوخ نہیں کی۔ وہ دلہے کے گھر پہنچی، غسل کیا، دوسرے کپڑے پہنے اور شادی کی تمام رسمیں مکمل کیں۔

بعد ازاں احتیاط کے طور پر دلہا دلہن اسپتال بھی گئے۔

واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ لوگ دلہن کے حوصلے اور مشکل حالات میں بھی شادی کی تقریب مکمل کرنے کے جذبے کی تعریف کر رہے ہیں۔