بندر نے درخت سے برسائے ہزاروں روپے، ویڈیو وائرل
شملہ میں ایک شخص بینک میں جمع کرانے کے لیے 81 ہزار 800 روپے لے جا رہا تھا کہ بندر رقم چھین کر درخت پر چڑھ گیا۔ بعد میں ایک ایک کرکے نوٹ نیچے پھینکنے لگا۔ مقامی لوگوں نے رقم جمع کرکے مالک کے حوالے کردی، تاہم 1500 روپے کم پائے گئے۔
ہماچل پردیش کی راجدھانی شملہ میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، جہاں ایک بندر ہزاروں روپے کی نقد رقم لے کر درخت پر چڑھ گیا اور پھر درخت سے نوٹوں کی بارش کرنے لگا۔ اس حیرت انگیز منظر کو دیکھنے کے لئے وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔
یہ واقعہ شملہ میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے دفتر کے احاطہ میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک مقامی شخص 81 ہزار 800 روپے ایک بیگ میں رکھ کر بینک میں جمع کرانے جا رہا تھا۔ اسی دوران اچانک ایک بندر نے اس پر حملہ کردیا اور بیگ سے رقم کی گڈی چھین کر قریب ہی موجود ایک اونچے درخت پر چڑھ گیا۔
بندر نے درخت کی شاخ پر بیٹھ کر رقم کی گڈی کھولی اور ایک ایک کرکے 500 روپے کے نوٹ نیچے پھینکنے شروع کردیئے۔ ہوا میں اڑتے اور درخت سے گرتے نوٹوں کو دیکھ کر وہاں موجود لوگ حیران رہ گئے۔
رقم کے مالک کو پریشان دیکھ کر ڈی سی دفتر کے ملازمین اور مقامی افراد نے مدد کے لئے ہاتھ بڑھایا۔ لوگوں نے نیچے گرے ہوئے نوٹ احتیاط سے جمع کئے اور کسی کو بھی رقم اٹھانے نہیں دی۔ سبھی اس وقت تک انتظار کرتے رہے جب تک بندر نے اپنے پاس موجود تمام نوٹ نیچے نہیں پھینک دیئے۔
بعد ازاں تمام نوٹ جمع کرکے گنے گئے تو معلوم ہوا کہ مجموعی رقم میں سے 1500 روپے کم ہیں۔ متاثرہ شخص کے مطابق بندر نے 500 روپے کے کچھ نوٹ اپنے دانتوں سے پھاڑ دیئے تھے جس کی وجہ سے اسے مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
اس واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے شملہ میں بندروں کی بڑھتی ہوئی شرارتوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بندر اکثر لوگوں کے ہاتھوں سے سامان چھین لیتے ہیں لیکن سرکاری دفتر کے احاطہ میں اس طرح کا واقعہ پیش آنا بھی تشویش کا باعث ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بندروں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔