گجرات انتخابات: عام آدمی پارٹی کے امیدوارچیف منسٹر کا اعلان
کیجریوال نے ٹویٹ کیا ہے کہ گجرات کے لوگوں نے، جنہوں نے تبدیلی کے لیے اپنا ذہن بنا لیا ہے، اپنے نئے چیف منسٹر کے نام کا انتخاب کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے اسودان بھائی گڑھوی کو چیف منسٹر کے امیدوار بننے پر بہت بہت مبارکباد۔

احمد آباد: عام آدمی پارٹی (عاپ) نے جمعہ کے روز اسودان گڑھوی کو گجرات میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا امیدوار نامزدکیاہے۔ اے اے پی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے آج کہا کہ گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے عام آدمی پارٹی نے ریاست میں اسودان گڑھوی کو چیف منسٹر کے امیدوار کے طور پر نامزدکیا ہے۔
پارٹی نے ویب سائٹ، ای میل، موبائل میسج اور واٹس ایپ کے ذریعے لوگوں سے تجاویز مانگی تھیں، ہم نے گجرات کے لوگوں سے پوچھا تھا، جس میں ہمیں 16 لاکھ 48 ہزار 500 لوگوں سے مشورے ملے، جن میں سے 73 فیصد لوگوں نے اسودان گڑھوی کانام پہلی پسند بتایاتھا۔
کیجریوال نے ٹویٹ کیا ہے کہ گجرات کے لوگوں نے، جنہوں نے تبدیلی کے لیے اپنا ذہن بنا لیا ہے، اپنے نئے وزیر اعلی کے نام کا انتخاب کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے عوام کی طرف سے اسودان بھائی گڑھوی کو چیف منسٹر کے امیدوار بننے پر بہت بہت مبارکباد۔ عوام کو آپ سے بہت امیدیں ہیں، گجرات کے لوگوں کی ہر امید پر کھراترناہے۔ لوگوں کے ساتھ مل کر ایک بہتر گجرات بنانا ہے۔
دریں اثنا، اسودان بھائی گڑھوی نے اپنے ٹویٹ میں کہا، "میں عام آدمی پارٹی، اروند کیجریوال جی اور خاص طور پر گجرات کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے مجھ پر بھروسہ کرتے ہوئے مجھ جیسے ایک عام آدمی کو اتنی بڑی ذمہ داری سونپی۔ وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کا خدمت گار بن کر ہمیشہ عوامی مفاد کے لیے کام کروں گا۔