بین الاقوامی

نماز عید صرف مساجد کے اندر ادا کرنے کا فیصلہ

ایران جنگ اور خلیجی ممالک میں امریکی تنصیبات پر حملوں کے باعث خلیجی ممالک میں نماز عید سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

دُبئی: ایران جنگ اور خلیجی ممالک میں امریکی تنصیبات پر حملوں کے باعث خلیجی ممالک میں نماز عید سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں اور ایران کے خلیجی ممالک میں امریکی تنصیبات پر جوابی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورتِ حال انتہائی کشیدہ ہے اور اس بار خطہ میں عیدالفطر کا تہوار ایران اسرائیل اور امریکہ جنگ کے سائے میں منایا جائے گا۔

اس حوالہ سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی جانب سے نماز عید سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔ یو اے ای حکام کے مطابق اس بار عیدالفطر کی نماز صرف مساجد کے اندر ادا کی جائے گی۔ میدانوں اور کھلی عیدگاہوں پر نماز عید کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ یو اے ای کی تمام مساجد میں اس حوالہ سے کیے گئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکام کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

متحدہ عرب امارات کے بعد قطر میں بھی عیدالفطر کے اجتماعات سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے۔ قطری وزارت اوقاف کے مطابق اس سال عیدالفطر کی نماز کھلے میدانوں کے بجائے مساجد کے اندر ادا کی جائے گی۔

ملک بھر میں نماز عید کا وقت صبح 5 بج کر 53 منٹ مقرر کیا گیا ہے اور وزارت اوقاف کا کہنا ہے کہ حفاظت کے پیش نظر کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماع کی اجازت نہیں ہو گی۔