گنٹور کے نوجوان کی حیدرآباد کے ہوٹل میں مشتبہ حالت میں موت
متوفی کی شناخت کوٹا سری رام کے طور پر کی گئی ہے، جو گھٹکیسر کے چودھری گوڑہ میں واقع لیونگ ٹری او یو ہوٹل میں مقیم تھا۔ یہ علاقہ پوچارم آئی ٹی کاریڈور پولیس اسٹیشن کے حدود میں آتا ہے۔
حیدرآباد: میڑچل ضلع کے گھٹکیسر علاقہ میں ایک ہوٹل کے کمرے سے گنٹور کے 29 سالہ نوجوان کی لاش مشتبہ حالت میں دستیاب ہوئی۔ اس واقعہ سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
متوفی کی شناخت کوٹا سری رام کے طور پر کی گئی ہے، جو گھٹکیسر کے چودھری گوڑہ میں واقع لیونگ ٹری او یو ہوٹل میں مقیم تھا۔ یہ علاقہ پوچارم آئی ٹی کاریڈور پولیس اسٹیشن کے حدود میں آتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سری رام گنٹور کے ایک خانگی تھیٹر میں کسٹمر کیئر ملازم کے طور پر کام کرتا تھا۔ تھیٹر انتظامیہ نے اس پر الزام لگایا تھا کہ اس نے تھیٹر کی رقم اور ایک موبائل فون لے کر فون پے کے ذریعہ 99,999 روپے اپنے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرلیے تھے۔
اس سلسلے میں شکایت درج ہونے کے بعد مبینہ طور پر اس کا بینک اکاؤنٹ منجمد کردیا گیا تھا۔
27 نومبر کو سری رام نے اپنی والدہ اور تھیٹر کے مالک کو ویڈیو پیغامات روانہ کرتے ہوئے اپنی صورتحال بیان کی اور ہوٹل کا مقام بھی شیئر کیا۔
بعد ازاں ہوٹل کے عملے نے کمرے کی جانچ کی تو سری رام مردہ حالت میں پایا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے مقام پر پہنچ کر مقدمہ درج کرلیا اور موت کے حالات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کی تحقیقات کے بعد ہی واقعہ کی اصل وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔