بغیر انشورنس والی گاڑیوں کو پٹرول پمپوں پر نہیں ملے گا ایندھن
اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے پٹرول پمپوں پر خصوصی نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا۔ اس کے تحت آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن (ANPR) یعنی نمبر پلیٹ کی خودکار شناخت کیمرے نصب کئے جائیں گے، جو گاڑیوں کی نمبر پلیٹ اسکین کریں گے۔
نئی دہلی: ملک میں سڑکوں پر حفاظت کو یقینی بنانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مرکزی حکومت موٹر وہیکل ایکٹ میں اہم تبدیلیاں کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ نئی تجاویز کے تحت بغیر انشورنس والی گاڑیوں کو پٹرول پمپوں پر پٹرول اور ڈیزل فراہم نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق سپریم کورٹ کی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر اس نئی پالیسی پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے انشورنس پریمیم میں بھی اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔
اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے پٹرول پمپوں پر خصوصی نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا۔ اس کے تحت آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن (ANPR) یعنی نمبر پلیٹ کی خودکار شناخت کیمرے نصب کئے جائیں گے، جو گاڑیوں کی نمبر پلیٹ اسکین کریں گے۔ اس کے ذریعہ گاڑی کے انشورنس کی تفصیلات کی جانچ کی جائے گی اور صرف انشورنس شدہ گاڑیوں کو ہی ایندھن فراہم کیا جائے گا۔
ابتدائی مرحلے میں اس منصوبے کو ہریانہ اور اترپردیش کے پٹرول پمپوں پر آزمائشی طور پر شروع کرنے کی تجویز ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد گاڑی مالکین میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا اور سڑکوں پر حادثات کو کم کرنے کے ساتھ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔