انڈہ عطیہ کرنے کے نام پر مبینہ ریاکٹ، ملکاجگیری پولیس کی اواسس ہاسپٹلس میں تلاشی
انڈہ عطیہ (Egg Donation) کے نام پر مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں اور انسانی اسمگلنگ کے معاملے کی تحقیقات میں ملکاجگیری پولیس نے اپنی کارروائیوں کو مزید وسیع کردیا ہے۔ پولیس نے بیگم پیٹ میں واقع اویسس ہاسپٹلس کے کارپوریٹ دفتر کی تلاشی لیتے ہوئے لیپ ٹاپس، ڈیجیٹل آلات، ڈونر ریکارڈس اور مالیاتی دستاویزات ضبط کرلیے۔
حیدرآباد: انڈہ عطیہ (Egg Donation) کے نام پر مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں اور انسانی اسمگلنگ کے معاملے کی تحقیقات میں ملکاجگیری پولیس نے اپنی کارروائیوں کو مزید وسیع کردیا ہے۔ پولیس نے بیگم پیٹ میں واقع اویسس ہاسپٹلس کے کارپوریٹ دفتر کی تلاشی لیتے ہوئے لیپ ٹاپس، ڈیجیٹل آلات، ڈونر ریکارڈس اور مالیاتی دستاویزات ضبط کرلیے۔
یہ کارروائی مبینہ انسانی اسمگلنگ اور اسسٹڈ ری پروڈکٹیو ٹیکنالوجی (ART) مراکز کو غیر قانونی طور پر خواتین فراہم کرنے والے نیٹ ورک کی تحقیقات کے تحت کی گئی۔
پولیس کے مطابق اس معاملے میں ملزم نمبر 9 امیریشیٹی درگا پرساد کی گرفتاری کے بعد تحقیقات میں تیزی آئی ہے۔ اس پر الزام ہے کہ وہ خواتین کو ART بینکس اور فرٹیلٹی مراکز سے جوڑنے اور ان کے حوالے کرنے کا کام کرتا تھا۔
پولیس اب مالیاتی لین دین، مبینہ کمیشن پر مبنی ریفرل نظام اور فرٹیلٹی مراکز، ART بینکس، انتظامی عہدیداروں اور درمیانی افراد کے کردار کی جانچ کررہی ہے۔
تحقیقاتی عہدیدار اس الزام کی بھی جانچ کررہے ہیں کہ مختلف ریاستوں سے خواتین کو گمراہ کن وعدوں کے ذریعے بھرتی کیا گیا اور انڈہ عطیہ کرنے کے نام پر ان کا استحصال کیا گیا۔ اس کے علاوہ فرضی دستاویزات کی تیاری اور اسسٹڈ ری پروڈکٹیو ٹیکنالوجی (ریگولیشن) ایکٹ 2021 کی ممکنہ خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
پولیس نے ضبط شدہ ڈیجیٹل آلات اور دستاویزات کو فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا ہے تاکہ مالیاتی روابط کا پتہ لگانے کے ساتھ اس مبینہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جاسکے۔
پولیس تحقیقات جاری ہیں اور ضبط شدہ شواہد کی جانچ کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔