مشرق وسطیٰ

حج 2023: سعودی ایرلائنز کے 164 طیارے مختص

8 ہزار سے زیادہ پائلٹ حج پروازوں پر تعینات کیے گئے ہیں، سعودی فضائی کمپنیوں نے گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے حج اداروں کے ساتھ اس ضمن میں معاہدے کیے ہیں۔

ریاض: سعودی عرب میں رواں برس حج آپریشن کے لیے سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے 164 طیارے مختص کیے ہیں۔ سعودی فضائی کمپنیوں کے گروپ نے اس سال حج موسم 1444 ہجری کے حوالے سے اپنا آپریشنل پروگرام جاری کردیا۔

اس سال سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) ادیل ایئر اور پرائیویٹ سعودی ایئر لائن کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک سے 12 لاکھ سے زیادہ نشستیں عازمین حج کے لیے مختص کی گئی ہیں، 164 طیارے حج آپریشن کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔

عازمین حج کو سو سے زیادہ شیڈول ہوائی اڈوں اور 14 سیزنل ہوائی اڈوں سے سفر حج کروایا جائے گا۔ 8 ہزار سے زیادہ پائلٹ حج پروازوں پر تعینات کیے گئے ہیں، سعودی فضائی کمپنیوں نے گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے حج اداروں کے ساتھ اس ضمن میں معاہدے کیے ہیں۔

سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے حج پروازوں سے سفر کرنے والوں کے لیے سپیشل اسلامی آگاہی سروس کا بھی اہتمام کیا ہے۔ عازمین حج کو مذہبی پروگرام اور حج سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی، 134 گھنٹے سے زیادہ دورانیے پر مشتمل مختلف دینی پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے۔

590 گھنٹے کی قرآن کریم کی تلاوت کا بھی بندوبست کیا گیا ہے، اسلامی پروگرام عربی کے علاوہ انگریزی، انڈونیشی اور چینی زبانوں میں پیش کیے جائیں گے۔ عازمین حج کے لیے دیگر زبانوں میں بھی دینی پروگراموں کا انتظام کیا گیا ہے۔