Hajj 2025 preparations India: معتمدوزارت اقلیتی امور نے حج انتظامات کا جائزہ لیا
معتمد وزارت اقلیتی امور ڈاکٹرچندرشیکھر کمارجاریہ سال کے حج کی تیاریوں کا جائزہ لینے ان دنوں سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔

Hajj 2025 preparations India: نئی دہلی/ریاض (آئی اے این ایس) معتمد وزارت اقلیتی امور ڈاکٹرچندرشیکھر کمارجاریہ سال کے حج کی تیاریوں کا جائزہ لینے ان دنوں سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔ ایک عہدیدار نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔
ڈاکٹرکمار نے وہاں کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ وزارت نے اپنے معتمد کی تصاویرسوشیل میڈیا ہینڈل پر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ آرام دہ حج 2025ء کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی ہے۔
معتمد وزارت اقلیتی امور حکومت ہند ڈاکٹرچندرشیکھرکمارہندوستانی عازمین حج کے انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔ ہندوستانی عازمین کی سہولت کیلئے حکومت ہند سعودی عرب میں دوران حج عارضی طبی مراکز قائم کرتی ہے۔
یہ سہولت ہندوستانی حج مشن کے توسط سے فراہم کی جاتی ہے۔ مکہ اور مدینہ میں 17ڈسپنسریز کے علاوہ چارمیڈیکل سنٹرس دن رات کام کرتے ہیں جہاں ہندوستانی عازمین کو علاج معالجہ کی سہولت مفت فراہم کی جاتی ہے۔
گزشتہ برس ہندوستان کو 1.75لاکھ کا حج کوٹہ الاٹ ہوا تھا جس میں 1.4لاکھ عازمین‘ حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ روانہ ہوئے تھے اور مابقی خانگی ٹورآپریٹرس کے ذریعہ گئے تھے۔
ان میں 78ہزار عازمین نے ای حج سویدھاایپ پر اپنا رجسٹریشن کرایاتھا جس پر 8,500 شکایتیں آئی تھیں۔ سال 2024ء میں کیوآرکوڈمیکانزم کے نتیجہ میں لگیج غائب ہونے کے کیسس بڑی حد تک گھٹ گئے تھے۔ سال 2018ء میں حج سبسیڈی برخاست ہونے کے باوجود عازمین حج کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی۔