مشرق وسطیٰ
حماس نے پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا
تحریک نے ذکر کیا کہ پوپ فرانسس نے بین المذاہب مکالمے کی اقدار کو فروغ دینے میں قائدانہ کردار ادا کیا اور نفرت اور نسل پرستی کو مسترد کرتے ہوئے لوگوں میں باہمی افہام و تفہیم اور امن قائم کرنے کی اپیل کی۔

ماسکو: فلسطینی تحریک حماس نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
حماس نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) ویٹیکن کے پوپ فرانسس کے انتقال پر یونیورسل کیتھولک چرچ اور تمام مسیحیوں سے اپنی گہری تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے، جن کی زندگی انسانی اور مذہبی اقدار کی پاسداری کے لیے وقف تھی۔
تحریک نے ذکر کیا کہ پوپ فرانسس نے بین المذاہب مکالمے کی اقدار کو فروغ دینے میں قائدانہ کردار ادا کیا اور نفرت اور نسل پرستی کو مسترد کرتے ہوئے لوگوں میں باہمی افہام و تفہیم اور امن قائم کرنے کی اپیل کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’وہ مسلسل جارحیت اور جنگ کی مخالفت کرتے رہے اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف ہونے والے جنگی جرائم اور نسل کشی کی کارروائیوں کی مذمت میں ایک سرکردہ مذہبی آواز تھے۔‘‘