اے پی میں دل دہلا دینے والا واقعہ ۔ کوڑے دان میں نوزائیدہ بچہ کی لاش برآمد
مقامی افرادنے کوڑے دان میں ایک نومولود لڑکے کی لاش کو دیکھا جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس ملازمین فوراً موقعِ واردات پر پہنچے اور بچہ کی لاش کو کنگ جارج اسپتال منتقل کیا۔
حیدرآباد: آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم شہر میں ایک انسانیت سوز واقعہ منظرِ عام پر آیا ہے جس نے ہر درد مند دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ مضافاتی علاقہ مڈلی پالیم کے راجاراجیشوری مندر کے قریب کوڑے دان میں ایک نوزائیدہ بچہ کی لاش برآمد ہوئی جس سے مقامی افراد میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
مقامی افرادنے کوڑے دان میں ایک نومولود لڑکے کی لاش کو دیکھا جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس ملازمین فوراً موقعِ واردات پر پہنچے اور بچہ کی لاش کو کنگ جارج اسپتال منتقل کیا۔
عینی شاہدین اور مقامی عوام نے اس دردناک واقعہ پر شدید افسوس اور برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کون سی ماں اتنی بے رحم ہو سکتی ہے کہ اپنی گود کے پھول کو یوں کوڑے میں پھینک دے؟ یہ واقعہ سماجی بے حسی کی بدترین مثال ہے۔
پولیس نے اس غیر انسانی حرکت پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعہ کی ہر زاویے سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور اطراف کے اسپتالوں میں بھی تحقیقات جاری ہیں تاکہ نومولود کی ماں یا اسے چھوڑنے والے افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔