حیدرآباد

حیدرآباد میں اتوار کی صبح موسلا دھار بارش، تلنگانہ کیلئے اورینج الرٹ جاری

دوسری طرف اتوار کی رات سے ہی ریاست کے کئی حصوں میں بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں خلیج بنگال میں بننے والے کم دباؤ کے زیر اثر ہورہی ہے۔

حیدرآباد: برسات کے موسم میں گرمی کی شدت محسوس کررہے حیدرآباد کے شہریوں کو کچھ راحت ملی ہے۔ اتوار کی صبح جب لوگوں کی آنکھ کھلی تو دیکھا کہ آسمان پر گھنے بادلوں نے ڈیرہ ڈال رکھا ہے اور جیسے ہی فجر کی نماز ہوئی، بوندا باندی شروع ہوگئی۔

متعلقہ خبریں
بارش سے متاثرہ لوگوں کی مدد میں بی آر ایس حکومت یکسر ناکام: کانگریس
یو اے ای میں گرج چمک کے ساتھ شدیدبارش، سڑکوں پر پانی جمع

اس کے بعد کچھ ہلکی بارش ہوئی اور تھوڑی دیر میں بارش نے شدت اختیار کرلی اور پورے شہر میں موسلا دھار بارش ہونے لگی۔ اس بارش کے ساتھ ہی گذشتہ ایک ماہ سے موسم گرما جیسی کیفیت سے دوچار عوام کو راحت ملی ہے کیونکہ موسم میں خوشگوار ہوگیا ہے اور اس میں کافی نمی بھی آچکی ہے۔

دوسری طرف اتوار کی رات سے ہی ریاست کے کئی حصوں میں بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں خلیج بنگال میں بننے والے کم دباؤ کے زیر اثر ہورہی ہے۔

تلنگانہ میں آئندہ دو روز تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

اسی دوران محکمہ موسمیات نے ریاست تلنگانہ کے لئے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر بھاری سے بہت بھاری بارش کا انتباہ دیا گیا ہے۔

دریں اثنا کم دباؤ کے اثر سے حیدرآباد شہر میں موسم بدل گیا ہے۔ کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ گچی باؤلی، مادھاپور، ہائی ٹیک سٹی، کرشنا نگر، فلم نگر، امیر پیٹ، پنجہ گٹہ، ایس آر نگر، شیخ پیٹ، منی کونڈا، رائے درگم، مہدی پٹنم، ٹولی چوکی، بنجارا ہلز، جوبلی ہلز اور کئی دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔

چنتل، سچترا، جیڈی میٹلا، بالا نگر اور کوکٹ پلی سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ حیدرآباد شہر کے علاوہ تلنگانہ کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ بارش کے اثر کی وجہ سے شہر کے کئی حصوں میں بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔