تلنگانہ میں موسلا دھار بارش، کئی اضلاع میں زندگی مفلوج
ریاست تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ زوروں پر ہے۔ شدید بارش کے باعث کئی اضلاع میں آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور عام زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں تک یہی صورتحال برقرار رہے گی۔
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ زوروں پر ہے۔ شدید بارش کے باعث کئی اضلاع میں آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور عام زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں تک یہی صورتحال برقرار رہے گی۔
حیدرآباد میں اتوار کی رات مسلسل بارش ہوئی ۔ ملکاجگری، کوکٹ پلی، کاپرا، سیری لنگم پلی سمیت بنجارہ ہلز، جوبلی ہلز، پنجہ گٹہ، خیریت آباد، امیر پیٹ، سکندرآباد، اپل، ایل بی نگر، ونستھلی پورم، حیات نگر، بی این ریڈی، ہستینا پورم، سنتوش نگر، دلسکھ نگر، ملک پیٹ، کوٹھی، نامپلی، عابڈز، مہدی پٹنم، مادھا پور اور گچی باؤلی میں بھی وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی۔
سب سے زیادہ بارش حیدر نگر میں 4.55 سنٹی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ملکاجگری میں 4.48 سنٹی میٹر، کوکٹ پلی میں 4.35 سنٹی میٹر، کاپرا میں 4.23 سنٹی میٹر، سیری لنگم پلی میں 4.23 سنٹی میٹر، قطب اللہ پور ، الوال میں 4 سنٹی میٹر، رام چندرا پورم میں 3.9 سنٹی میٹر، اپل میں 3.78 سنٹی میٹر، مشیرآباد اور شیخ پیٹ میں 3.68 سنٹی میٹر، پٹن چیرو میں 3.65 سنٹی میٹر اور خیریت آباد میں 3.6 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
ادھر کاماریڈی، میدک، سدی پیٹ، سنگاریڈی، ورنگل اور یادادری اضلاع میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش ورنگل کے گورارم میں 23.6 سنٹی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ملگ میں 18.6 سنٹی میٹر، میدک کے اسلام پور میں 18 سنٹی میٹر، تُوپرن میں 17.9 سنٹی میٹر، پٹلم (کاماریڈی) میں 17.5 سنٹی میٹر، کاوڈی پلی (میدک) میں 17.2 سنٹی میٹر، اڈگوڑرو (یادادری) اور حسن پلی (کاماریڈی) میں 16.4 سنٹی میٹر، بیگم پیٹ (سدی پیٹ) میں 16.3 سنٹی میٹر، دمرانچ (میدک) میں 16 سنٹی میٹر اور دیگر کئی مقامات پر 12 سے 15 سنٹی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔