حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے شہریوں کو جھلسا دینے والی گرمی سے آج شام اس وقت راحت ملی جب شہر کے کئی مقامات پر آندھی طوفان کے ساتھ زبردست بارش ہوئی۔
شام 4 بجے سے ہی شہر کے مضافاتی علاقوں سے گہرے بادل امڈ کر شہر کی طرف آرہے تھے۔ 5 بجے سے بادل گرجنے لگے اور تیز ہوائیں چلنا شروع ہوئیں۔
اس کے ساتھ ہی شہر کے کئی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ بوندا باندی موسلا دھار بارش میں تبدیل ہوگئی۔
بادل اتنے گھنے اور گہرے تھے کہ غروب آفتاب سے پہلے ہی شہر رات کا منظر پیش کرنے لگا۔ شام 6 بجے چاروں طرف اندھیرا چھا گیا اور رات کا سماں دکھائی دینے لگا۔
اس دوران شہر کے کئی مقامات پر برقی منقطع ہوگئی۔ تیز آندھی کے باعث جگہ جگہ پیڑوں سے شاخیں ٹوٹ کر گرنے لگیں اور بعض مقامات پر درخت جڑ سے اکھڑگئے۔
موسلا دھار بارش سے سڑکوں پر کئی جگہ پانی جمع ہوگیا۔ کئی مقامات پر ٹریفک جام ہوگئی تو کئی مقامات پر ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹیں آئیں۔
غروب آفتاب سے پہلے ہی شہر میں رات کا منظر دکھائی دینے لگا اور لوگوں کو گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس آن کرنی پڑیں۔
گزشتہ ایک دہے کے بعد پڑنے والی سب سے شدید گرمی سے شہریوں نے راحت محسوس کی۔ گرمی اتنی شدت اختیار کرگئی تھی کہ لوگ اس سے پناہ مانگنے لگے تھے، اور ایسے وقت میں باران رحمت نے شہریوں کو بڑی راحت دی ہے۔
موسم گرما کے طویل اور شدید دور کے بعد شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے کئی مقامات پر منگل 7 مئی کو گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ کئی اضلاع میں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی۔
شہر حیدرآباد، کریم نگر کے کچھ حصوں، سرسلہ، ویمولاواڑہ، ماناکنڈور، حضور آباد، گمبھی راؤپیٹ اور یلاریڈی پیٹ کے علاوہ دیگر مقامات پر شدید بارش ہوئی۔
تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد اور ریاست بھر کے مختلف اضلاع اچانک اور شدید موسمی تبدیلیوں کی لپیٹ میں آگئے ہیں جس کی وجہ سے موسمی حالات میں ڈرامائی تبدیلی آئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اس کے ساتھ تیز ہواؤں، بھاری بارش اور متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔
شہر حیدرآباد کے کوکٹ پلی، کے پی ایچ بی اور موسی پیٹ جیسے علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جبکہ بالا نگر، فتح نگر اور صنعت نگر میں بھی بارش ہوئی۔
جیڈی میٹلا، چنتل، شاپور، قطب اللہ پور، میاں پور، چندا نگر، گچی باؤلی، مادھا پور، شیخ پیٹ، ٹولی چوکی، مہدی پٹنم، گولکنڈہ، لنگر حوض میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی اطلاع ملی ہے، جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث درخت اور ہورڈنگز اکھڑ گئے ہیں۔
اضلاع میں موسلادھار بارش کی وجہ سے پداپلی ضلع کے نیمناپلی گاؤں میں دھان کی خریداری کے مراکز میں خشک دھان گیلا ہو گیا۔ کریم نگر اور ورنگل اضلاع میں آم کے باغات متاثر ہوئے کیونکہ تیز آندھی اور تیز بارش سے آم اس کا پھول درختوں سے گر گئے۔
سوریا پیٹ ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے پپیتے کے کھڑے باغات تباہ ہوگئے۔
محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے 9 اضلاع کو الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریاست کے کئی حصوں میں اگلے تین دنوں تک بارش کی توقع کی جا سکتی ہے، جس میں بارش یا گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں (30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ) کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔