بریلی سے متصل اضلاع میں ہائی الرٹ
یوپی کے شہر بریلی میں اتوار کے دن کڑا پہرہ دیکھا گیا۔ پولیس پٹرولنگ جاری تھی۔ فلیگ مارچ ہورہا تھا تاکہ صورتحال معمول پر آجائے۔ ایک دن قبل مولانا توقیر رضاخاں بریلوی کے بشمول 39 افراد گرفتار کئے گئے تھے۔
بریلی(یوپی) (پی ٹی آئی) یوپی کے شہر بریلی میں اتوار کے دن کڑا پہرہ دیکھا گیا۔ پولیس پٹرولنگ جاری تھی۔ فلیگ مارچ ہورہا تھا تاکہ صورتحال معمول پر آجائے۔ ایک دن قبل مولانا توقیر رضاخاں بریلوی کے بشمول 39 افراد گرفتار کئے گئے تھے۔ گرفتاری کیلئے گھر گھر چھاپے مارے گئے تھے۔
جمعہ کے دن آئی لو محمدؐ مہم کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ ہفتہ کے دن مولانا کی گرفتاری کے بعد انتظامیہ نے متصل اضلاع میں ہائی الرٹ کا اعلان کردیا۔ 10کیسس درج ہوئے ہیں اور 180 افراد کا نام لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 2500 نامعلوم فسادیوں کا نام بھی آیا ہے۔ کل رات گھر گھر چھاپے مارے گئے۔
بریلی سے متصل اضلاع رام پور، پیلی بھیت، شاہجہاں پور، مرادآباد، بدایوں، سنبھل، بجنور، امروہہ اور فتح گڑھ میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ان اضلاع میں مولانا توقیر رضاخاں بریلوی کے ماننے والوں کی بڑی تعداد ہے۔ بریلی شہر چھاؤنی بنا ہوا ہے۔
انٹرنٹ سرویس 48 گھنٹوں کیلئے معطل کردی گئی ہے۔ محلہ سوداگراں میں مزاراعلیٰ حضرت کے اطراف سیکورٹی بڑھادی گئی ہے۔ یہ علاقہ انتہائی حساس ہے۔ سینئر عہدیداروں نے اتوار کے دن انتہائی حساس علاقوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ خصوصی پولیس ٹیمیں مابقی فسادیوں کو پکڑنے میں لگی ہیں۔