حیدرآباد

تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آئے گی: ریونت ریڈی

ریونت ریڈی نے کہاکہ کانگریس کی حکومت دو لاکھ ملازمتوں پر تقرری کے اقدامات بھی کرے گی۔غریبوں کوکارپوریٹ طرز کے علاج کی سہولت کو بھی یقینی بنایاجائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کا وعدہ کرتے ہوئے کے سی آر نے دومرتبہ دھوکہ دیا ہے۔

حیدرآباد: صدرتلنگانہ کانگریس ورکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے دعوی کیا ہے کہ جاریہ سال ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے ضلع کھمم کے اندل وائی میں اپنی ہاتھ سے ہاتھ جوڑویاترا کے موقع پرواضح کیا کہ ریاست میں کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد ہر فصل کی خریداری کرتے ہوئے درمیانی افراد کے طریقہ کار کو ختم کیاجائے گا۔

ساتھ ہی ہر بے گھر غریب کو پانچ لاکھ روپئے کے صرفہ سے اندرما مکان فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بی سی، ایس سی، ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کے بچوں کو سرکاری خرچ پر تعلیم کا انتظام کروایاکرتے ہوئے ڈاکٹرس، وکلا،انجینئرس، آئی اے ایس، آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس بنانے کے بہتر مقصد کے ساتھ فیس بازادائیگی کی اسکیم کانگریس کے دورحکومت میں شروع کی گئی تھی تاہم موجودہ بی آرایس حکومت نے اس اسکیم کی فیس روک دی ہے۔

کانگریس حکومت اس اسکیم کے فیس کے بقایہ جات اداکرنے کی ذمہ داری قبول کرے گی۔انہوں نے وعدہ کیا کہ کانگریس کے دور میں ہر اہل شخص کو پوڈو اراضی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ کانگریس کی حکومت دو لاکھ ملازمتوں پر تقرری کے اقدامات بھی کرے گی۔غریبوں کوکارپوریٹ طرز کے علاج کی سہولت کو بھی یقینی بنایاجائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کا وعدہ کرتے ہوئے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے دومرتبہ دھوکہ دیا ہے۔

ریاست کے کسان مایوسی کے شکار ہیں اور وہ خودکشی کررہے ہیں۔اسی لئے کانگریس حکومت ہر غریب کسان کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کرے گی۔