سبکدوش ملازم کو ادائیگی نہ کرنے پر ہائی کورٹ کی برہمی
راجستھان ہائی کورٹ نے ایک سبکدوش ملازم کی بقایا ادائیگی نہ کرنے پرراجستھان اسٹیٹ ویورز کوآپریٹو فیڈریشن لمیٹڈ جسے راجستھان راجیہ بُنکر سہکاری سنگھ لمیٹڈ بھی کہا جاتا ہے، جئے پور کے منیجنگ ڈائریکٹر کی سخت سرزنش کی ہے۔
جئے پور: راجستھان ہائی کورٹ نے ایک سبکدوش ملازم کی بقایا ادائیگی نہ کرنے پرراجستھان اسٹیٹ ویورز کوآپریٹو فیڈریشن لمیٹڈ جسے راجستھان راجیہ بُنکر سہکاری سنگھ لمیٹڈ بھی کہا جاتا ہے، جئے پور کے منیجنگ ڈائریکٹر کی سخت سرزنش کی ہے۔
ہائی کورٹ نے منیجنگ ڈائریکٹر مہاویر پرساد مینا کی جانب سے دائر حلف نامے میں دی گئی معلومات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کے کھاتے میں خاطر خواہ رقم ہونے کے باوجود ریٹائر ملازم کو وقت پر بقایا تنخواہ کیوں ادا نہیں کی گئی۔
عدالت نے اس بات پر بھی حیرانی ظاہر کی کہ راجستھان راجیہ بُنکر سہکاری سنگھ لمیٹڈ نے مالی سال میں صرف گاڑی کی دیکھ بھال پر 9 لاکھ 55 ہزار روپے اور دیوالی پر 1 لاکھ 49 ہزار روپے خرچ کیے، لیکن ملازم کی بقایا ادائیگی نہیں کی۔
جسٹس مہندر کمار گوئل کی سنگل بینچ نے چہارشنبہ کو کہا کہ سبکدوش درخواست گزار کو گریجویٹی دو سال کی تاخیر سے، بقایا تنخواہ دو سال سے بھی زیادہ بعد اور چھٹیوں کی رقم کا جزوی ادائیگی ریٹائرمنٹ کے چار سال بعد بھی نہیں کیا گیا۔
بینچ نے کہا کہ صرف کوآپریٹو فیڈریشن کو نقصان ہونے کا بہانہ بنا کر کسی سبکدوش ملازم کی بقایا تنخواہ نہیں روکی جا سکتی۔