امریکہ میں تاریخی برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج، لاکھوں افراد بجلی سے محروم
نیویارک سٹی کے معروف مقام سینٹرل پارک میں تقریباً 20 انچ برف ریکارڈ کی گئی
امریکی : امریکی میڈیا کے مطابق ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں 3 فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی، جس نے کئی دہائیوں کا ریکارڈ توڑ دیا شمال مشرقی امریکہ میں آنے والے طاقتور برفانی طوفان نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، تیز ہواؤں اور برفباری سے لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست رہوڈ آئی لینڈ میں 3 فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی، جس نے کئی دہائیوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔اسی طرح نیویارک سٹی کے معروف مقام سینٹرل پارک میں تقریباً 20 انچ برف ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سڑکیں، پارکس اور رہائشی علاقے مکمل طور پر برف میں ڈھک گئے۔
ریاست میساچوسٹس میں شدید برفانی طوفان کے باعث ہنگامی حالت نافذ کردی گئی جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ایوی ایشن حکام کے مطابق ملک بھر میں 5600 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ متعدد ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔
تیز ہواؤں اور شدید برفباری کے باعث لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ امدادی ٹیمیں بجلی کی بحالی اور سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہیں۔حکام نے خبردار کیا کہ برفباری اور شدید سردی کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہ سکتا ہے، جس سے مزید سفری مشکلات اور نظام زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔