کرناٹک میں گنیش وسرجن کے دوران خوفناک حادثہ، 8 ہلاکتیں، 20 زخمی (ویڈیو)
عینی شاہدین کے مطابق، لاری نے پہلے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، پھر ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر سیدھی یاترا میں شریک بھگتوں کو روند ڈالا۔ اس اچانک حادثہ سے وہاں افراتفری مچ گئی۔
بنگلورو: کرناٹک کے ضلع حسن میں گنیش وسرجن (نمرجن) کے موقع پر ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 8 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 20 سے زائد شدید زخمی ہوگئے اور مقامی عوام غم و غصے میں ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق، حادثہ حسن ضلع کے موسالے ہوسہ ہلی (Mosale Hosahalli) ریلوے گیٹ کے قریب پیش آیا۔ موسالے ہوسہ ہلی دیہات کے عوام گنیش نمرجن کے لیے شوبھا یاترا نکال رہے تھے۔ اس دوران ایک تیز رفتار کارگو لاری بے قابو ہوکر عقیدت مندوں پر چڑھ دوڑی۔
عینی شاہدین کے مطابق، لاری نے پہلے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، پھر ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر سیدھی یاترا میں شریک بھگتوں کو روند ڈالا۔ اس اچانک حادثہ سے وہاں افراتفری مچ گئی۔
پولیس کے مطابق، حادثہ میں چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ چار مزید زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں دم توڑ گئے۔ مرنے والوں میں پانچ انجینئرنگ طلبہ بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور قریبی سرکاری و خانگی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
حادثہ کے بعد مشتعل عوام نے لاری ڈرائیور کو پکڑ کر مارپیٹ کی، جس کے نتیجہ میں وہ بھی زخمی ہوگیا اور اسے پولیس تحفظ میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دلخراش واقعہ کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔